بھدرواہ//وزیر اعظم کے پروجیکٹ”دیہی اور دور افتادہ علاقوں میں سکلز انڈیا“کے فوائد کو عام لوگوں تک پہنچانے کے لئے آل انڈیا کونسل برائے پروفیشنل ایکسی لینس نے ای ایس ایس اور ای ایس ایس انسٹی چیوٹ برائے ٹیکنالوجی کے اشتراک سے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ بھدرواہ میںسکل ڈیولپمنٹ کورسز کا آغاز کیا ۔ اس سلسلے میں سوموار کو ای ایس ایس انسٹی چیوٹ برائے ٹیکنالوجی بھدرواہ میں آٹھ ٹیکنیکل اور سیمی ٹیکنیکل کورسز کا آغاز کیا گیا۔افتتاحی تقریب کے موقعہ پر مہمان خصوصی ایس ڈی پی او بھدرواہ برجیش شرما اور مہمان اعزازی اقبال زرگر نے مطبوعہ دستاویز اجراءکئے۔ڈائریکٹرانسٹی چیوٹ محمد ورثہ نواز‘کارڈی نیٹر مجید بابا اور فیکلٹی کے دیگر ممبران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔وزیر اعظم کی جانب سے ان اداروں کا قیام مقصد عوام کو ان کے گھروں کے نزدیک تکنیکی اور پیشہ وارانہ تربیت فراہم کرنا ہے تاکہ ان اداروں سے فارغ ہونے والے لڑکے اور لڑکیاں اپنے لئے با عزت روزگار حاصل کر سکیں۔بھدرواہ میں اس سنٹر کا قیام کا زبردست خیر مقدم کیا جا رہا ہے۔ اس سنٹر میں کمپیوٹر کے بنیادی کو رسز،انٹرنیٹ،جی ایس ٹی،ٹیچنگ ٹورازم اور ٹیکنیک کے کورسز کرائے جائیں گے۔بھدرواہ کے عوام حکومت کے اس قدم کی سراہنا کر رہے ہیں کیونکہ دور افتادہ اور دیہی علاقوں کے لڑکے و لڑکیاں ان کورسوں میں تربیت حاصل کرنے کے لئے بڑے شہروں میں نہیں جا سکتے تھے۔