بھدرواہ //سال رفتہ کو الوداع کہنے کے لئے بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے ایک رنگا رنگ تمدنی پروگرام کا اہتمام کیا گیا ۔ کیمونٹی ہال کوٹلی میں فوج کے اشتراک سے منعقدہ اس پروگرام میں ایڈیشنل ڈی سی بھدرواہ امام دین مہمان خصوصی تھے جب کہ پروگرام کا آغاز روایتی ڈیکو ڈانس سے ہوا۔رات بھر جاری رہنے والی تقریبات میں بھدرواہی، کشمیری، گوجری، ڈوگری اور ہماچلی نغمے اور ناچ پیش کئے گئے۔ جن کلاکاروں نے دادِ تحسین وصول کی ان میں مولراج مشر، زرینہ، مستوارں بانو، آسیہ شامل تھے جب کہ وائس آف پنجاب کی ورشا جموال اور ہمنوائوں نے بھی سامعین کو محظوظ کیا۔ مہمانان ذی وقار میں چیف ایگزیکٹو آفسیر بھدرواہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی راجندر کھجوریہ، کمانڈنٹ راشٹریہ رائفل، تحصیلدار مسعود احمد ، ایڈیشنل ایس پی راجندر سنگھ شامل تھے۔ پروگرام کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اس سے مقامی اور بیرون ریاست کے سیاحوں کو بھدرواہ کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ کے سیاحتی مقامات پر موسم سرما کے دوران ٹریکنگ، سکائینگ، راک کلائمبنگ، گلیشئر ٹریکنگ اور میوزیکل ایوننگ وغیرہ کا اہتمام کیا جائے گا تا کہ زیادہ سے زیادہ سیاح اس جانب رخ کریں اس سے نہ صرف مقامی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرنے کا موقع ملے گا بلکہ زیادہ سے زیادہ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ امن و آشتی اور بھائی چارے کا گہوارہ ہے، اور کسی بھی علاقہ کی ہمہ جہت ترقی بالخصوص سیاحت کو فروغ دینے کے لئے امن کا ہونا لازمی ہے ۔
بھدرواہ میں سال رفتہ کو الوداع کہنے کیلئے رنگا رنگ پروگرام
