بھدرواہ //پلوامہ میں ہوئی شہری ہلاکتوں کے خلاف خطہ چناب کے اہم قصبہ جات میں آج یعنی اتوار کو ہڑتال کی کال دی گئی ہے ۔سیرت کمیٹی ڈوڈہ کی جانب سے پلوامہ ہلاکتوں کیخلاف بطور احتجاج ہڑتال کی کال دی گئی۔ جامع مسجد سے کئے گئے اعلان کے مطابق مرمت، گندنہ، کاستی گڑھ، بھالہ گندو، بھلیس اور دیگر قصبہ جات میں بھی ہڑتال کی کال دی گئی ہے۔ادھر انجمن اسلامیہ بھدرواہ نے ان ہلاکتوں کی کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے بند کی کال دی ہے ۔انجمن صدر پرویز احمد شیخ نے جاری پریس بیان میں اسے نہتے کشمیریوں کے خلاف بد ترین جنگ قرار دیا ہے ، انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے کشمیری عوام کو تہہ تیغ کرنے کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے ، بالخصوص پلوامہ میں 7احتجاجی نوجوانوں کی سفاکانہ ہلاکت اور 70سے زائد افراد کو زخمی کرنے کا کوئی جواز پیش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزاحمتی قیادت کی طرف سے دی گئی کال کے مطابق خطہ میں پُر امن بند رکھنے کی کال دی ہے۔ مسلم شوریٰ کمیٹی کشتواڑ نے بھی ضلع میں بند کی کال دیتے ہوئے پلوامہ میں ہوئی شہری ہلاکتوں کو افسوسناک قرار دیا ہے ۔ مجلس چیئر مین اور امام جامع فاروق احمد کچلو نے کشمیر میں کشت و خون کا بازار گرم کئے جانے پر شدید برہمی ظاہر کرتے ہوئے آج کیلئے ہڑتال کا اعلان کیا اور لوگوں سے تمام کاروباری و تعلیمی ادارے نیز گاڑیوں کی آمد و رفت بند رکھنے کی اپیل کی ۔