بھدرواہ// بھدرواہ کے بالائی علاقوں میں تازہ برف باری ہوئی ہے جبکہ میدانی علاقوں میں بارشیں ہوئی ہیں۔جسکی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی درج کی گئی اور خطہ میں سردی کی لہر پھیل گئی۔ کیلاش کنڈ ،پدی گلی، بھال پدری، کینٹھی دھار، ڈوگی ،شان کھوجہ،دادکائی، گُل دندا اور جائی گساتھی،چھتر گلہ سے بھی برفباری کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔سخت سردی کی وجہ سے لوگ گھروں میں ہی محصور رہے۔سردی کی وجہ سے لوگوں نے دوبارہ گرم ملبوسات ڈالے ۔علاقہ کے کسانوں نے تازہ برفباری پر مسرت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے زراعت اور باغبانی شعبہ پر مثبت اثرات پڑیں گے۔ دریں اثنا محکمہ موسمیات کی جانب سے اگلے 24 گھنٹوں میں موسم میں بہتری کی پیشنگوئی کی ہے۔ دریں اثناء سنیچر کے روز کشتواڑ میں بھاری بارشوں کی وجہ سے جگہ جگہ پانی اکٹھا ہوگیا ہے۔قصبہ کے فیصل آباد روڈ، گوریاں، اور گودھالی چوک زیر آب ہوگیا ہے،جسکی وجہ سے لوگوں کو کافی پریشانیاں ہوئی ہیں۔ایک مقامی کاروباری نے کہا کہ فقط ایک دن کی بارش سے کشتواڑ میں تباہی پیدا ہوئی ہے۔ ناقص بد روسسٹم کی وجہ سے قصبہ کی گلیوں اور نالیاں پانی سے بھر گئی ہیں۔قصبہ کے عوام کی شکایت ہے کہ میونپلٹی قصبہ کی صحت و صفائی کی جانب سنجیدہ نہیں ہیاور ڈرینئیج سسٹم کی دیکھ ریکھ میں بھی کوئی دلچسپی نہیں لے رہے ہیں۔قصبہ میں بارش کی وجہ سے سردی میں بھی اضافہ ہوا ہے جسکی وجہ سے لوگوں نے گرم ملبوسات ڈالے ہیں۔دریں اثنا کشتواڑ کے بالائی علاقوں میںتازہ برف باری کی خبریں موصول ہوئی ہیں۔