بھاٹہ دھوڑیاں مینڈھرمیں سوموحادثہ کاشکار

مینڈھر//مینڈھر کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں ایک سومو گاڑی اس وقت حادثے کا شکار ہوگئی جب وہ تیز رفتار ی سے جموں کی طرف جا رہی تھی کہ اچانک بھاٹہ دھوڑیاں کے جنگل میں سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجہ میں چار مسافر زخمی ہو گئے جن میں سے ایک زخمی کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔تفصیلات کے مطابق پونچھ سے جموں کی طرف جا رہی ایک ٹاٹا سومو گاڑی زیر نمبر JK206508جو کہ پونچھ سے جموں کی طرف جا رہی تھی کہ بھاٹہ دھوڑیاں کے مقام پر حادثے کا شکار ہو گئی جس میں چار افراد زخمی ہو گئے جن کی شناخت رفتار احمد،محمد شوکت،محمد الطاف، اور وحید احمد کے طور پر ہوئی ہے جو ایک ہی کنبہ سے تعلق رکھتے ہیں۔حادثے کی خبر پھیلتے ہی فوج کے جوان موقعہ پر پہنچ گئے اور گاڑی سے تمام زخمی اشخاص کو نکال کر آرمی ہسپتال بھمبر گلی پہنچایا جہاں پر محمد شوکت کی حالت کو تشویش ناک دیکھتے ہوئے فوج کے ڈاکٹروں نے اسے بہترعلاج کیلئے ضلع ہسپتال راجوری منتقل کیا ،دیگرزخمیوں کاعلاج آرمی ہسپتال میں چل رہا ہے۔فوج کے ڈاکٹروں کے مطابق دیگر تمام زخمی خطرے سے باہر ہیں۔اس دوران بھمبر گلی پولیس بھی موقعہ پر پہنچی جہاں سے زخمیوں کو منتقل کروایا گیا البتہ گورسائی پولیس مقدمہ درج کر کے تحقیقات کر رہی ہے۔