بھاٹہ دھوڑیاں انکائونٹر 6دنوں سے جاری ،مزید2خواتین گرفتار

مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے بھاٹہ دھوڑیاں علاقہ میں انکائونٹر چھ دنوں سے مسلسل جاری ہے جبکہ اس دوران جنگلات کے ملحقہ علاقہ کی رہائشی 2مزید خواتین کو پوچھ تاچھ کے سلسلہ میں حراست میں لے لیا گیا ہے ۔پیر اور منگل کی درمیانی شب جنگلاتی علاقہ میں فوج کی جانب سے شدید گولہ بھاری کی گئی جبکہ گزشتہ روز وقفے وقفے سے فائرنگ کا عمل جاری رہا ۔اس دوران پولیس نے مقا می مساجد سے لوگوں کو گھرو ںمیں رہنے کا اعلان کروایا جس کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا تاہم پولیس نے بتایا کہ لوگوں کی حفاظت کے سلسلہ میں مذکورہ قدم اٹھا یا گیا ہے ۔سوشل میڈیا پر وائر ل ہوئی ویڈیو کے مطابق بھاٹہ دھوڑیاں و دیگر ملحقہ دیہات کی مساجد سے اعلانات کروائے گئے ہیں ۔غور طلب ہے کہ اس آپریشن میں ابتدائی روز ہی فوجیوں کی ہلاکتیں ہوئی تھی لیکن اس کے بعد کسی بھی جانب مزید کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی گئی ہے ۔جموں کشمیر پولیس کی جانب سے پوچھ تاچھ کے لئے گرفتار ایک ماں اور بیٹے کو چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ علاقہ سے تحقیقات کے سلسلہ میں مزید 2خواتین کو حراست میں لے لیا گیا ہے جن کی شناخت پروین اختر زوجہ یاسر عرفات اورشگفتہ شاہین زوجہ محمد رشیدکے طورپر ہوئی ہے ۔اس سے قبل پولیس کی جانب سے آٹھ افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ۔سرکاری ذرائع نے کشمیر عظمیٰ کو جانکاری فراہم کرتے ہوئے کہاکہ بھاٹہ دوھوڑیاں ،سنگیوٹ اور ناڑ علاقہ کا محاصرہ کیا گیا ہے جبکہ تلاشی مہم کو مزید سخت کر دیا گیا ہے ۔