بھالہ بھدرواہ میں پولیس کا عوامی دربار

بھدرواہ//پویس۔عوام رشتوں کو مستحکم بنانے کیلئے ایس ڈی پی او بھدرواہ افتخار احمد نے انسپکٹر برہم دیو سنگھ انچارج پولیس پوسٹ بھالہ کے ہمراہ بھالہ میں منگل کے روز ایک عوامی دربار کا اہتمام کیا ۔دربار میں بھالہ و ملحقہ دیہات کے معزز اور نامور شہریوں نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران شرکا نے متعدد مسائل اُبھارے ،جن میں بھالہ گجوٹ سڑک پر میکڈم بچھانا،پی ایچ سی بھالہ میں ایمبولنس ڈرائیور کی تعیناتی ، علاقہ میں پینے کاپانی فراہم کرنا ، بھالہ میں بس اسٹینڈ کی تعمیر ،بھاری برفباری سے تباہ شدہ بجلی ٹرانسفارمروں کی فوری مرمت ،علاقہ میں بغیر شیڈول بجلی کٹوتی ختم کرکے باقاعدہ سپلائی مہیا کرنا شامل ہے۔ایس ڈی پی او نے شرکا کو یقین دلایا کہ ا ن کے مسائل کو متعلقہ محکموں تک بذریعہ ضلع انتظامیہ ڈوڈہ پہنچایا جائے گا ۔انہوںنے شرکا کو منشیات کی بدعت اور اسکے مُضر اثرات سے باخبر کیا۔ اس سلسلہ میں ایس ڈی پی او نے عام لوگوں کا تعاون طلب کیا۔اس موقعہ پر لوگوں کو افواہ بازوں سے چوکنا رہنے کو کہا گیا۔