بھار ت اور پاکستان کے درمیان مذاکرات ناگزیر: اقوام متحدہ

نیو یارک // اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیریس نے ایک بار پھربھارت اور پاکستان پر زور دیا ہے کہ دونوں ملک مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیر کا پر امن حل تلاش کریں۔ سیکریٹری جنرل کے ترجمان سٹیفین ڈیوجیرک نے ہفتہ وار بریفنگ کے دوران صحافیو ں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے ہند پاک تعلقات،دونوں ملکوں کے درمیان جاری کشیدگی اور کشمیر کی صورتحال پراپنے خیالات کا اظہار کیا۔جب ان کی توجہ وادی کشمیر کی موجودہ صورتحال کی جانب مبذول کراتے ہوئے ان سے یہ پوچھا گیا کہ کیا سیکریٹری جنرل خطے کے حالات کی طرف دھیان دے ہے ہیں یا اس کیلئے کسی بڑے سانحے کا انتظار کیا جارہا ہے؟تو ترجمان نے کہا ’’ہم اس بات کی ضرورت پر زور دیتے ہیں کہ فریقین مسئلے کا پر امن حل تلاش کرنے کیلئے مذاکرات کی راستہ اختیار کریں‘‘۔ ترجمان کا کہنا تھا’’جہاں تک توجہ دینے کا سوال ہے تو میرا ماننا ہے کہ سیکریٹری جنرل نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران اس سوال کا اپنے الفاظ میں جواب دیا ہے‘‘۔ سٹیفین ڈیوجیرک اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل اینٹونیو گوٹیریس کی جون کے مہینے میں اقوام متحدہ کے ہیڈکواٹر پر دی گئی پہلی پریس کانفرنس کا حوالہ دے رہے تھے جس میں انہوں نے تنازعہ کشمیر کے بارے میں پہلی بار بذات خود لب کشائی کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ انہوں نے ہند پاک وزرائے اعظم کے ساتھ حالیہ ملاقاتوں میں دونوں لیڈران کومسئلہ کشمیر کے حل کیلئے مذاکرات شروع کرنے پرآمادہ کرنے کی کوشش کی ہے‘‘۔