بھاری برف باری کے بعد | جمہ گنڈ ترہگام کا ضلع صدرمقام کپوارہ سے رابطہ ہنوز منقطع،علاقہ میں اشیائے ضروریہ کی قلت

کپوارہ// بھاری برف باری کے بعد جمہ گنڈ ترہگام کا زمینی رابطہ ہنوزضلع صدر مقام کپوارہ سے منقطع ہے جس کی وجہ سے علاقہ کے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔کپوارہ سے34کلومیٹر دور جمعہ گنڈ کے لوگوں کا کہنا ہے کہ اس علاقہ میں پہلی برف باری کے بعد زرہامہ جمہ گنڈ سڑک سے برف نہیں ہٹائی گئی جس کے بعد مزید برف باری ہوئی اور مذکورہ سڑک پر اس وقت چار فٹ برف جمع ہے ۔چاربر س قبل زرہامہ جمہ گنڈ سڑک کو محکمہ وزیراعظم دیہی سڑک اسکیم نے مکمل کرکے گاڑیوں کی آمدورفت کیلئے وقف کیا تاہم موسم سرما کے دوران اس سڑک سے کبھی بھی برف نہیں ہٹائی گئی جس کی وجہ سے لوگو ں کو ہر سال موسم سرما میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ امسال بھی مذکورہ سڑک ایک ماہ سے زائد عرصہ سے بند پڑی ہے اور متعلقہ محکمہ اس سڑک سے برف ہٹانے کے کام میں مکمل طور ناکام ہو چکا ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ بھاری برف باری کے پیش نظر زرہامہ جمہ گنڈ سڑک 4ماہ تک بند رہتی ہے اور یہ 4ماہ مقامی آ بادی کے لئے کسی قیامت سے کم نہیں ہوتے کیونکہ ان 4ماہ میں اس علاقہ میں ضروریات زندگی کی چیزیں ختم ہو جاتی ہے ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ جمہ گنڈ علاقہ میں اگرچہ پہلے ہی بنیادی سہولیات کا فقدان ہے تاہم موسم سرماہ کے4 مہینو ں کے دوران یہا ں سب کچھ ختم ہوتا ہے ۔مقامی لوگو ں کے مطابق موسم سرما کے 4ماہ میں مریضوں کے علاوہ عام لوگو ں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ یہا ں پر جتنی بھی دکانیں ہیں ،وہ سب کے سب خالی پڑی ہیں اور لوگو ں کو نہ سبزی اور نا ہی پھل ملتے ہیں اور لوگ خشک سبزیو ں پر ہی اکتفا کر تے ہیں ۔مقامی لوگو ں کا کہنا ہے کہ ضلع انتظامیہ نے اس علاقہ کو یکسر نظرانداز کیا ہے کیونکہ جمہ گنڈ علاقہ میں نہ ہی بہتر طبی علاج میسر ہے اور ناہی کوئی بڑا اسپتال قائم ہے جہا ں سڑک بند ہونے کے بعد مریض اپنا علاج و معالجہ کراتے ۔لوگو ں کا مزید کہنا ہے صور تحال کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ موسم سرماہ کے 4ماہ درد ذہ میں مبتلا خواتین کو پیدل کپوارہ پہنچنا پڑتا ہے جبکہ وہ مریض بھی پیدل کپوارہ اور وادی کے دیگر اسپتالو ں کو جاتے ہیں جنہیں بہتر طبی علاج کی ضرورت ہوتی ہے ۔مقامی لوگو ں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ جمہ گنڈ علاقہ کی طرف اپنی توجہ مبذول کریں اور  زرہامہ جمہ گنڈ سڑک سے فوری طور برف ہٹانے کا کام شروع کریں تاکہ لوگو ں کو کپوارہ اور دیگر علاقوں میں پہنچنے کے لئے آ سانی ہو ۔