بھارت کمزور نہیں، ہر کارروائی کاجواب موجود

نئی دہلی// مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ سرحد پار ڈرون خطرات سے نمٹنے کیلئے ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاکر ڈرون مخالف آلات جلد دستیاب ہونگے ۔ بی ایس ایف کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ ڈیفنس ریسرچ اور ڈیولپمنٹ آرگنائیزیشن دیگر ایجنسیوں کے ساتھ کام کر رہی ہے تاکہ ڈرون خطرات سے نمٹنے کیلئے ایک مضبوط سسٹم تیار کیا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ ڈرون سے مقابلہ کرنے والی ٹیکنالوجی بھارت کے پاس جلد دستیاب ہو گی ۔ امیت شاہ نے کہا کہ صرف یہ نہیںکہ ڈرون کے ذریعے ہتھیار ، منشیات اور دیگر چیزیں اس پار پہنچائی جا رہی ہیں اور صرف یہی چیلنج نہیںہے بلکہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ اس چیلنج سے فوری طور پر کس طرح نمٹا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ ڈی آر ڈی او رسودیشی ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈرون مخالف آلات تیار کر رہے ہیں ۔ امیت شاہ نے کہا کہ بھارت کمزور نہیںہے اور بلکہ سرحد پار سے ہونے والی ہر کارروائی کا بھر پور جواب دیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جنگ بندی معاہدے پر دونوں ممالک کی جانب سے مکمل طور پر عملدر آمد سے سرحدوں پر امن ہے لیکن دوسری جانب پاکستان اب ڈرون کااستعمال کرکے وہاں سے ہتھیار بھیج کر حالات کو بگاڑنے کی کوشش کررہا ہے ۔انہوںنے کہا کہ ہم واضح پیغام دینا چاہتے ہیں کہ بھارت ہمسایہ ممالک سے بہترین تعلقات کا حامی ہے لیکن ملکی سیکورٹی پر دشمن کو اس کی بولی میںجواب دیا جائے گا ۔