بھارت چین مذاکرات 12اکتوبر کو | ساتویں دور کی فوجی سطح کی بات چیت مشرقی لداخ پر ہوگی

نئی دہلی // لداخ میں حقیقی کنٹرول لائن پر کشیدہ صورتحال کے بیچ مشرقی لداخ کی صورتحال پر بھارت اور چین کے فوجی کمانڈروں کی ساتوں میٹنگ 12اکتوبر کو منعقد ہورہی ہے۔اس میٹنگ میں پچھلے دور کی بات چیت میں جن امور پر اتفاق رائے پایا گیا تھا انہیں ااگے بڑھانے کی کوشش کی جائیگی نیز دونوں طرف کے فوجیوں میں تخفیف اور ٹکرائو کی صورتحال دور کرنے کے طریقہ کار پر بھی تبادلہ خیال کیا جائیگا۔وزارت دفاع کے حکام کا کہنا ہے کہ اس میٹنگ میں14ویں کور کے موجودہ لیفٹیننٹ جنرل ہریندر سنگھ، اور انکی جگہ لینے والے لیفٹیننٹ جنرل پی جی کے مینن دونوں فوجی کمانڈر شرکت کریں گے، جس طرح وہ چھٹے دور کے مذاکرات میں بھی ایک ساتھ موجود تھے۔ساتویں دور کی بات چیت میںوزارت خارجہ کا نمائندہ بھی شامل رہیگا۔پچھلے دور کی بات چیت میں وزارت خارجہ کے جوائنٹ سیکریٹری بھی مذاکرات میں موجود تھے۔ستمبر 21کو چھٹے دور کی بات چیت کے دوران پہلی بار دونوں ملکوں کی جانب سے مشترکہ بیان جاری کیا گیا تھا۔پچھلے ہفتے  ہی طرفین کے درمیان کارڈینیشن اور مشاورت کیلئے قائم کئے گئے ورکنگ میکانزم گروپ کی میٹنگ منعقد ہوئی تھی، جس میں حقیقی کنٹرو ل لائن پر جوں کی توں پوزیشن واپس لانے کیلئے بات چیت کی گئی تھی لیکن ابھی تک طرفین کے درمیان مزاکرات کے سبھی دور ناکام ہوگئے ہیں۔اگر چہ پیگانگ جھیل کے شمال اور جنوبی حصے کے کئی مقامات پر دونوں طرف کی فوج تعینات ہے لیکن زمینی سطح پر تنائو کی صورتحال میں کمی واقع ہوئی ہے۔