ویلنگٹن/ ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو پانچویں اور آخری ون ڈے میں 35 رن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز 1۔4 سے اپنے نام کرلی۔ہندوستان نے خراب شروعات کے بعد 49.5 اوور میں 252 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا اور میزبان ٹیم کو 44.1 اوور میں 217 رن پر سمیٹ دیا۔ کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا لیکن ہندوستان کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے 10 ویں اوور تک اپنے چار وکٹ صرف 18 رن پر گنوا دیے ۔روہت دو، شکھر دھون چھ، شبھمن گل سات اور مہندر سنگھ دھونی ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ اس طرح ٹیم نے صرف 92 رن پر اپنے چار اہم وکٹ گنوا دیئے تھے ۔ اس کے بعد رائیڈو نے 90، وجے شنکر نے 45، کیدار جادھو نے 34 اور پانڈیا نے 45 رن بنا کر ہندوستان کو قابل دفاع اسکور تک پہنچایا۔ ہندوستان نے آخری پانچ اوور میں چار وکٹ گنوائے لیکن اس دوران پانڈیا کے پانچ زبردست چھکوں کی بدولت 54 رن بھی جوڑے ۔ائیڈو نے 113 گیندوں پر 90 رن میں آٹھ چوکے اور چار چھکے لگائے ۔ شنکر نے 64 گیندوں پر 45 رن میں چار چوکے اورجادھو نے 45 گیندوں پر 34 رن میں تین چوکے لگائے ۔ہندوستان کے سات وکٹ 203 رن پر گر چکے تھے اور یہاں ہندوستان کو ایک اچھی اننگز کی ضرورت تھی۔پانڈیا نے محض 22 گیندوں پر دو چوکے اور پانچ چھکے اڑاتے ہوئے 45 رن بنائے اور ہندوستان کو 252 تک پہنچایا۔ پانڈیا نے لیگ اسپنر ٹاڈ ایسٹل کی اننگز کے 47 ویں اوور میں مسلسل تین چھکے لگائے ۔ پانڈیا نے 49 ویں اوور میں دو چوکے اور ایک چھکا لگایا اور اسی اوور کی آخری گیند پر بولٹ کے شاندار کیچ پر آؤٹ ہوئے ۔ ٹیم انڈیا نے آخری اوور میں دو وکٹ گنوائے اور اس اننگز کی ایک گیند باقی رہتے پوری ٹیم سمٹ گئی۔شروعات میں میٹ ہنری اور بولٹ نے دو، دو وکٹ حاصل کرکے ہندوستان کو زبردست جھٹکا دیا اور ہندوستان کا ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر سوئنگ گیندوں کے سامنے لڑکھڑاتا ہوا نظرآیا۔ ہینری نے روہت اور گل کو آوٹ کیا جبکہ گزشتہ میچ میں پانچ وکٹ حاصل کرنے والے بولٹ نے شکھر اور دھونی کو شکار بنایا۔ رائیڈو نے پھر وجے شنکر کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لئے 98 رن کی ساجھیداری کرکے اننگز کو سنبھالنے کا کام کیا۔ شنکر رن آوٹ ہوئے ۔ رائیڈو نے پھر جادھو کے ساتھ چھٹے وکٹ کے لئے 74 رن جوڑے ۔ ہینری نے رائیڈو کو سنچری سے محروم کیا اورجادھو کا وکٹ بھی حاصل کیا۔پانڈیا نے شاندار اننگ کھیل کرہندوستانی گیند بازوں کو لڑنے کے قابل اسکور دیا۔پانڈیا نے اپنے کیریئر میں پانچویں مرتبہ مسلسل تین چھکے اڑائے ۔ پانڈیا کی جارحانہ اننگز کی بدولت ہی ہندوستان نے 252 رن بنائے اور ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ہنری نے 35 رن پر چار وکٹ اور بولٹ نے 39 رن پر تین وکٹ لئے ۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم نے اپنے تین وکٹ 38 رن پر گنوائے اور اس کے میزبان ٹیم میچ میں واپس کرنے کے لئے جدوجہد کرتی نظر آئی۔ تیزگیندباز محمد شامی نے دو اور پانڈیا نے ایک وکٹ حاصل کرکے کیوی ٹیم کو بیک فٹ پرپہنچادیا۔شامی نے ہنری نیکولس (8) اور کولن منرو (24) کو اپنا شکار بنایا۔پانڈیا نے ٹیلر (01)کو ایل بی ڈبلیو کیا حالانکہ ٹیلر اگر ڈی آر ایس کا استعمال کرتے تو بچ سکتے تھے . لیکن کپتان کین ولیمسن کے ساتھ بات چیت کرنے کے بعد وہ پویلین لوٹ گئے ۔ولیمسن (39) نے وکٹ کیپر ٹام لاتھم (37) کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 67 رن کی ساجھے داری کی۔پارٹ ٹائم آف اسپنر کیدار جادھو نے ولیمسن کو آؤٹ کرکے اس شراکت کو توڑا۔ لیگ اسپنر یجویندر چہل نے لاتھم کو ایل بی ڈبلیو کرکے نیوزی لینڈ کا پانچواں وکٹ 119 کے اسکور پر گرا دیا۔ ولیمسن نے 73 گیندوں کی اننگز میں تین چوکے لگائے جبکہ لاتھم نے 49 گیندوں پر تین چوکے لگائے ۔چہل نے کولن ڈی گرینڈھوم (11) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا۔ جیمس نیشم نے جارح انداز میں کھیلتے ہوئے 32 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے . لیکن وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی نے سوجھ بوجھ سے کام لیتے ہوئے نیشم کو رن آؤٹ کر دیا۔چہل نے ٹاڈ ایسٹل (10) کو، پانڈیا نے مشیل سینٹنر (22) کو اور بھونیشور کمار نے ٹرینٹ بولٹ کو آؤٹ کرکے کیوی اننگز 217 رن پر سمیٹ دی۔ چہل نے 41 رن پر تین وکٹ، شامی نے 35 رن پر دو وکٹ، پانڈیا نے 50 رن پر دو وکٹ، بھونیشور نے 38 رن پر ایک وکٹ اور جادھو نے 34 رن پر ایک وکٹ لیا۔ رائیڈو کو پلیئر آف دی میچ اور شامی کو پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ ملا۔
بھارت نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کرایک روزہ سیریز1-4 سے جیت لی
