بھارت میں 3لاکھ82ہزار معاملات

 نئی دہلی//کورونا وائرس کی دوسری لہر کے دوران محض 15دنوں میں 50لاکھ افراد مہلک وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران 3لاکھ 82 ہزار 315 معاملات درج ہوئے جبکہ اس دوران3780کورونا مریضوں کی موت واقع ہوئی ۔ مرکزی وزارت صحت کی جانب سے بدھ کی صبح جاری اعداد و شمار میں بتایاگیاکہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ریکارڈ3لاکھ 38ہزار 439 مریض صحت یاب ہوئے اوراس طرح شفایابی کی شرح میں اضافہ ہونے کیساتھ ساتھ سرگرم معاملات کی شرح میں کچھ کمی واقعہ ہوئی۔ یکم اپریل کو کورونا کے4 لاکھ ایک ہزار 933 کیس درج گئے گئے تھے، جو دنیا بھر میں یومیہ کیسوںمیں سب سے زیادہ تھے۔ اس کے بعد یومیہ کیسوںمیں جزوی کمی کے ساتھ 2اپریل کو یومیہ 3.92 لاکھ ، 3 اپریل کو 3.68 لاکھ اور 4 اپریل کو 3.57 لاکھ کیس سامنے آئے۔ جاری اعداد و شمار کے مطابق بھارت میں کورونا متاثرہ افراد کی تعداد2 کروڑ 6 لاکھ65 ہزار 148 ہوگئی ہے۔ ایکٹو کیسوں کی تعداد بڑھ کر34لاکھ87ہزار229 ہوگئی ہے۔ وہیں ریکارڈ3 لاکھ38ہزار439 مریضوں کے صحت یاب ہونے سے کورونا کو شکست دینے والوں کی تعداد ایک کروڑ 69 لاکھ 731 ہوگئی ہے۔ اسی دوران 3780 مریضوں کی موت ہونے سے اس وبا سے مرنے والوں کی تعداد 2لاکھ 26ہزار188 ہوگئی ہے۔ملک میں شفایابی کی شرح بڑھ کر 82.03 فیصد اورایکٹو کیسوں کی شرح کم ہو کر 16.87 فیصد پر آگئی ہے جبکہ شرح اموات1.09 فیصد رہ گئی ہے۔