بھارت میں مزید 12ہزار سے زائد افراد کورونا سے متاثر،18اموات

نیوز ڈیسک
نئی دہلی// بھارت میں کوروناوائرس کے نئے کیسز کی تعداد 12 ہزار سے اوپر برقرار ہے۔ 

 

بھارتی وزارت صحت نے پیر کو کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک میں کورونا کے 12,781 نئے مریض پائے گئے اور 18 اموات درج کی گئی ہیں۔

 

 نئے کیسز میں گزشتہ روز کے مقابلہ میں معمولی کمی آئی ہے۔ اتوار کو 12,899 نئے معاملات ریکارڈ کئے گئے تھے۔ ایکٹو کیسز کی تعداد 4226 بڑھ کر 76,700 ہوگئی ہے۔ 

 

گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا سے 8,537 افراد صحت یاب ہوئے۔ وزارت صحت کی ویب سائٹ کے مطابق مہاراشٹر میں سب سے زیادہ 3085 لوگ ہیں جنہوں نے کورونا کو شکست دی ہے۔ اس کے بعد کیرالہ میں 2204 اور دہلی میں 1104 مریض کورونا کی زد سے باہر آئے ہیں۔ ملک میں صحت یابی کی شرح 98.61 فیصد ہے۔

 

ملک میں ایکٹو کیسز کی تعداد کل کیسز کا 0.18 فیصد ہے۔ تاہم پچھلے 24 گھنٹوں میں سب سے زیادہ ایکٹیو معاملات 1161 کیرالہ میں بڑھے ہیں۔ اس کے بعد مہاراشٹر میں 918، تمل ناڈو میں 449، دہلی میں 423 ایکٹیو کیس درج کئے گئے ہیں۔ میزورم واحد ریاست رہی جہاں ایکٹیو کیسز کم ہوئے ہیں۔