بھارت جنگی جرائم کا مرتکب،ٹنگڈار ہلاکتوں پر مزاحمی خیمہ سیخ پا

سرینگر//حریت (گ)،ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی،مسلم لیگ ،مسلم خواتین مرکز اور سالویشن مومنٹ نے ٹنگڈار میں جاں بحق ہوئے جنگجوئوں کوخراج عقیدت اداکرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج نے اس طرح کی فرضی کارروائیوں کی تاریخ رقم کرکے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔حریت (گ)چیئرمین سید علی گیلانی نے اس کارروائی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی افواج نے اس طرح کی سینکڑوں فرضی کارروائیوں کی تاریخ رقم کرکے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔ حریت رہنما نے ٹنگڈار میں جاں بحق کئے گئے جنگجوئوں کوخراج عقیدت ادا کرنے کے علاوہ لواحقین کے ساتھ اپنی دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے صبرو استقلال کو خراج تحسین ادا کیا۔ شیراز احمد شیخ کی نماز جنازہ کے موقعہ پر ایک اجتماع سے اپنے ٹیلیفونک خطاب میں گیلانی نے کہا کہ 1947 سے بھارت کے خلاف ہماری تحریک حقِ خودارادیت جاری وساری ہے اور اس مشن کے لیے ہمارے جوان بیش بہا قربانیاں پیش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اقوامِ متحدہ کے سامنے جو قراردادیں موجود ہیں ان پر بھارت نے بھی دستخط کئے ہیںلیکن آج وہ اپنی فوجی طاقت کے بل بوتے پر ان قراردادوں سے صاف مکررہا ہے اور اسی طرح طاقت کے نشے میں مغرور ہوکر ہمارے حق خودارادیت کے مطالبے کو کچلنے کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ آج سے کسی بھی وقت منعقد ہونے والے الیکشن کا مکمل بائیکاٹ کرنے کے لیے عوام بیداری مہم شروع کریں کیونکہ الیکشن میں حصہ لینے والے یہی وہ لوگ ہیں جو ہمارے عوام کے سامنے اپنوں کی شکل میں آتے ہیں، لیکن ووٹ حاصل کرنے کے بعد بھارت کے خاکوں میں رنگ بھرنے کے لیے استعمال ہوتے رہتے ہیں۔ گیلانی نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ تحریک آزادی کیلئے دی جانے والی بیش بہا قربانیوں کی حفاظت کرنے کے لیے آگے آئیں۔ اس دوران حریت چیئرمین سید علی گیلانی نے حریت کے سینئر رہنما غلام محمد خان سوپوری کو مسلسل چوتھی بار پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت کورٹ بلوال جیل جموں منتقل کرنے کی کارروائی کی مذمت کی ۔ڈیمو کریٹک فریڈم پارٹی نے مدثر احمد ساکن پاری گام کولگام اور شیراز احمد ساکن لاجورہ پلوامہ کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں گھرانوں کو میتیں حاصل کرنے کیلئے بے انتہا مشکلات اور تکالیف کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ دونوں کے ساتھ ساتھ یہاں مزید تین نامعلوم افراد بھی بھارتی فورسز کے ہاتھوں جاں بحق ہوئے ۔پارٹی ترجمان نے کہا کہ جاری خون خرابہ اور انسانی جانوں کا اتلاف ایک تشویشناک معاملہ ہے اور ہر انصاف پسند شخص جاری صورتحال پر فکر مند ہے۔فریڈم پارٹی کے محبوس سربراہ شبیر شاہ نے بار بار نئی دلی کو خبر دار کیا تھا کہ کشمیر سیاسی مسئلہ ہے جس کو حل کرنے کیلئے سیاسی تدابیر ہی اختیار کرنی چاہیں تاکہ اس دیرینہ تنازعہ کو یہاں کے لوگوں کی مرضی کے مطابق حل کیا جاسکے۔مسلم لیگ نے ٹنگڈار میں جاں بحق ہوئے عسکریت پسندوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملت کے تقدس اور جموں کشمیر کی آزادی کے گلشن کی آبیاری اپنے گرم گرم لہو سے کرنے والے ہی حقیقت میں ملت و قوم کے معمار ہیں۔لیگ ترجمان سجاد ایوبی کے مطابق تنظیم کے وفود محمد امین ڈار، خورشید احمد ڈار،منظور احمد للہاری، غلام حسن اور عبدالرشید پر مشتمل پاریگام کولگام اور لاجورہ پلوامہ گئے جہاں انہوں نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔مسلم خواتین مرکز کی چیئر پرسن یاسمینہ راجہ نے لاجورہ پلوامہ جا کرشیر ازاحمد شیخ کے لواحقین کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان معصوم، نونہالوں، جگر گوشوں، جذبہ حریت سے سرشار سرفرشوں نے جس مقصد کے لئے اپنی قیمتی جانوں کانذرانہ پیش کیا وہ حق خود ارادیت کا حصول ہے۔ انہوں نے نئی دہلی کی طاقت و تشدد پر مبنی پالیسی کو انسانی، اخلاقی و جمہوری قدروں کے منافی قرار دیتے ہوئے کہاکہ اگر طاقت ،تشدد، فوجی قوت ، ظلم و استبداد، ڈرانے و دھمکانے سے کشمیری عوام کااپنے جائز و حق پر مبنی تحریک سے دستبردارہونے کا سوال ہی نہیں۔تنظیم سے وابستہ مولوی مدثر، اسحاق احمد، امتیاز احمد، فاروق احمد اورزبیر پر مشتمل ایک وفد نے نماز جنازہ میں شرکت کی ۔