سرینگر/انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا حسن نے 26جنوری کی آمد پر وادی کے اطراف و اکناف میں فورسز کی طرف سے تلاشی کاروائیوں، ناکہ بندیوں اور گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے یوم جمہوریہ پر کشمیری عوام کو ہمیشہ عذاب و عتاب اور مصائب کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنی جمہوریت کا جشن مناتے ہوئے ریاست جموں و کشمیر کے عوام کے جمہوری حقوق کی پامالیوں پر مبنی پالیسی ترک کرکے اپنی جمہوریت نوازی کی لاج رکھنی چاہئے اور تنازعہ کشمیر کے پُر امن حل کے حوالے سے کشمیریوں کے جمہوری فیصلہ تسلیم کرنے پر آمادہ ہونا چاہئے جو اقوام متحدہ کی تنازعہ کشمیر کے حوالے سے پاس کی گئی قراردادوں میں مضمر ہے۔ آغا حسن نے سرحد پر جاری کشیدگی اور روز افزون ابتر صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ سرحدی تناو کسی بھی وقت شدیدرُخ اختیار کرکے باضابطہ جنگ کا باعث بن سکتا ہے اور دو جوہری ہمسائیوں کے درمیان جنگ جنوب ایشیائی خطے کیلئے ناقابل تصور تباہی کا موجب بن سکتا ہے۔
بھارت جمہوریت کی لاج رکھے:آغا حسن
