بھارت برازیل کو پیچھے چھوڑ کر دوسرے نمبر پر آگیا | 24گھنٹوں میں 86ہزار معاملات سامنے

نئی دہلی// ملک میں کورونا وائرس کیسوں کی تعداد 40لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔اس طرح بھارت برازیل کو چھوڑ کرمتاثرہ ملکوں میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے۔برازیل میں متاثرہ کیسوں کی تعداد 40لاکھ 91ہزار سے زیادہ تھی لیکن اب بھارت میں کیسوں کی تعداد 40 لاکھ 92 ہزار سے اوپر ہے۔ تیسرے نمبر پر روس ہے ،پیرو چوتھے، کولمبیا پانچویں اور جنوبی افریقہ چھٹے نمبر پر ہے۔ ادھرصحت و خاندانی بہبود کی مرکزی وزارت کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ 86432 نئے کیسز کے ساتھ مجموعی تعداد بڑھ کر 40،23،179 ہوگئی ہے ۔ گزشتہ تین دن سے ملک میں متاثرہ افراد کی تعداد 83 ہزار سے زائد رہے ہیں۔ بدھ کے روز83،883 اور جمعرات کو 83،341 کیسز رپورٹ ہوئے تھے ۔وہیں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 70،072 مریض صحت مند ہوئے ہیں جس سے کورونا سے نجات حاصل کرنے والے مریضوں کی مجموعی تعداد 31،07،223 ہوگئی۔ ایکٹیو کیسز میں 15،271 مریضوں کے اضافے سے مجموعی تعداد 8،46،395 ہوگئی ہے ۔ اس عرصہ کے دوران ملک کی صرف 12 ریاستوں اور مرکزکے زیر کنٹرول علاقوں میں مریضوں کی تعداد میں کمی دیکھی گئی۔ ملک میں گزشتہ 24گھنٹوں کے دوران1089اموات سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 69،561 ہوگئی ۔ ملک میں ایکٹیو کیسز کی شرح 21.04 فیصد،شفایابی کی شرح 77.23 فیصد اور اموات کی شرح 1.73 فیصد ہے ۔کورونا وائرس سے شدید طور سے متاثر ریاست مہاراشٹر ہے جہاں کووڈ ۔19 کے فعال کیسز کی تعداد 5،551 سے بڑھ کر 2،11،325 ہوگئی اور 378 افراد کی ہلاکت کے ساتھ اموات کی مجموعی تعداد 25،964 ہو چکی ہے ۔ اسی مدت کے دوران 13،289 افراد جان لیوا وبا سے شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند افراد کی مجموعی تعداد 6،25،773 ہوگئی۔ ملک میں سب سے زیادہ سرگرم کیسز اسی ریاست میں ہیں۔