بھارت آگ سے کھیل رہا ہے، بڑی جنگ خارج از امکان نہیں

اسلام آباد//پاکستانی فوج نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر بدستور جوہری جنگ کے خطرات کا پیش خیمہ ہے۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے اسلام آباد میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف روایتی جنگ جاری رکھی ہوئی ہے، جو کسی بھی وقت بڑی جنگ میں تبدیل ہوسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت سے بہتر تعلقات کا راستہ کشمیر سے ہو کر گزرتا ہے، بھارت کشمیر میں خون بہا رہا ہے اور پاکستان کا پانی روک رہا ہے، خون اور پانی ایک ساتھ نہیں بہہ سکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے کشمیر میں 94 ہزار کشمیری مارے جاچکے ہیں اور ہر 20 کشمیریوں پر ایک بھارتی فوجی تعینات ہے۔ان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل سے ہی جنوبی ایشیاء میں دیرپا امن ممکن ہے۔جنرل زبیر محمود حیات کا کہنا تھا کہ بھارت نے 1200 سے زائد مرتبہ فائر بندی کی خلاف ورزی کی، جس سے ایک ہزار پاکستانی شہری اور 300 فوجی جوان ہلاک ہوچکے ہیں اورپیلٹ گن کے استعمال سے ہزاروں افراد کی آنکھیں متاثر ہوئیں ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت خطے کے امن و امان کو غیر مستحکم کر رہا ہے، بھارت تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، قوم پرست بلوچ گروپ اور دیگر دہشت گرد گروہوں کی مدد کرکے پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس غیرریاستی عناصر کے ذریعے جنوبی ایشیاء کو عدم استحکام کا شکار کیا جارہا ہے، اس وقت جنوبی ایشیا کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے جس میں بھارت کا کولڈ اسٹارٹ اور پرو ایکٹو ڈاکٹرائن، بیلسٹک میزائل ڈیفنس سسٹم شامل ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف ہر سطح پر سازشیں جاری ہیں اور بھارت کی خفیہ ایجنسی ’را‘ نے اسے نقصان پہنچانے کے لئے 50 کروڑ ڈالرز کے فنڈز مختص کردیئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ’بھارت آگ سے کھیل رہا ہے اور بلوچستان میںدہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے‘۔
 

ایل او سی پرفائرنگ،خاتون لقمہ اجل

راولپنڈی// لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے 75 سالہ خاتون محمودہ بیگم جاں بحق ہوگئیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فورسز نے ایک بار پھر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ،بھارتی فوج نے چری کوٹ سیکٹر میں بلا اشتعال فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 75 سالہ خاتون محمودہ بیگم لقمہ اجل ہوگئیں۔آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے ایل او سی پر کا کوتہ گاؤں کی مقامی آبادی کو نشانہ بنایا ۔