عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// جموں و کشمیر پردیش کانگرس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ عید میلاد النبی کے موقع پر شاہدرہ شریف پہنچے جہاں شاہدرہ شریف اور تھنہ منڈی کے مختلف علاقوں سے وابستہ نیشنل کانفرنس اور کانگریس کے ورکروں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پرموصوف نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے دور اقتدار میں ریاست جموں کشمیر نے اپنی شناخت کھو دی ہے۔ قرہ نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ کسی ریاست کو مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں تبدیل کردیا گیا حالانکہ یو ٹی کو اسٹیٹ میں تبدیل کیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم جموں کشمیر کو جھوٹ اور فریب کی سیاست سے آزاد کرنے آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ این سی اور کانگریس کے اتحاد سے بی جے پی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی ہے وہ اس اتحاد سے گھبرا رہے ہیں۔پی سی سی صدر نے کہا کہ بی جے پی اور پی ڈی پی ایک ہی سکے کے دو پہلو ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں پارٹیوں نے پہلے بھی مل کر ریاست کا بیڑا غرق کیا ہے اور اب اُسے مزید تباہ کرنے کی تاک میں ہیں لہذا لوگ ہوشیار رہیں۔ انھوں نے کہا کہ لوگوں کو پندرہ لاکھ اور دو کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے اور کسانوں کو حقوق دینے کے کھوکھلے وعدوں سے ثابت ہوتا ہے کہ بی جے پی جھوٹ کی سیاست کر رہی ہے۔ اور جھوٹ بول کر لوگوں کو بے وقوف بنا رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ انڈیا اتحاد جموں کشمیر کو اسٹیٹ کا درجہ دلانے کے لئے وعدہ بند ہے، ہم مل جل کر اس کو اسٹیٹ کا درجہ دینے کی لڑائی لڑیں گے اور جموں کشمیر کو جھوٹ اور فریب کی سیاست سے آزاد کریں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ بی جے پی لوگوں کو مذہب کے نام پر بانٹنے کی کوشش کر رہی ہے۔ لیکن نیشنل کانفرنس اور کانگریس اتحاد ایسا نہیں ہونے دے گی، بی جے پی کوشش کرتی رہے گی لیکن ہم لوگوں کے ساتھ مل کر ان کی تمام سازشوں کو ناکام بناتے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ جموں کشمیر میں مختلف سرکاری محکمہ جات میں ہزاروں اسامیاں خالی ہیں، کانگریس این سی اتحاد اس کو پورا کرے گی،کیونکہ بی جے پی نہیں چاہتی کہ یہاں کے نوجوانوں کو روزگار ملے، بی جے پی یہاں کے لوگوں کو غربت میں دیکھنا چاہتی ہے۔ اس کے علاوہ اتحادی حکومت یہاں پر سیاحت، انڈسٹریز و دیگر وسائل کے ذریعہ ترقی کی راہیں کھول دے گا۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ خطہ پیر پنچال کی تعمیر و ترقی اور فلاح و بہبودی کے لیے لوگ نیشنل کانفرنس اور کانگرس کے اتحادی امیدوار کو بھاری اکثریت سے ووٹ دے کر کولیشن سرکار کو کامیاب کریں تاکہ یہاں پر تعمیر و ترقی کی راہیں ہموار ہو سکیں۔ اس موقع پر استخار خان شبیر احمد خان سائیں عبدالرشید پروفیسر ایم کے وقار شکیل احمد میر سجاد طارق ورشید جانم، سشیل شرما، شوکت احمد، مشرف میر اورخرم مرزا کے علاوہ لوگوں کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔