بھاجپا پنڈتوں کے حقوق کیلئے لڑ رہی ہے

فیاض بخاری
سرینگر//ہندوستان کی شمال مشرقی خطہ حکومت کے تعاون اور ترقی کے وزیر مملکت  بی ایل ورما نے بدھ کو کہا کہ بی جے پی “کشمیری پنڈتوں  کی باز آبادکاری اورانہیں انصاف  فراہم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھا رہی ہے، جنہیں جموں و کشمیر میں ظلم کا نشانہ بنایا گیا تھا”۔ ورما نے ڈاک بنگلہ بارہمولہ میں ایک تقریب کے حاشیے پر نامہ نگاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا، “بی جے پی کشمیری پنڈتوں کے قانونی حقوق اور انصاف کے لیے سخت جدوجہد کر رہی ہے اور بھاجپا اسکے لئے وعدہ بند ہے”۔علیحدگی پسند رہنما محمد یاسین ملک سے متعلق ایک سوال پر جنہوں نے منگل کو دہلی کی ایک عدالت کے سامنے سخت غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے قانون (یو اے پی اے) کے تحت تمام الزامات کا اعتراف کیا۔ ورما نے کہا کہ “عدالت یاسین ملک کے بارے میں جو بھی فیصلہ کرے گی وہ قبول کریں گے۔ پارٹی عدلیہ اور اس کے فیصلے کا احترام کرتی ہے۔قابل ذکر ہے کہ عدالت 19 مئی کو ملک کو سزا کی مقدار پر دلائل سنے گی۔