عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے منگل کو کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت نے دور دراز کالاکوٹ خطے میں ترقی کے نئے دروازے کھول دئیے ہیں۔انہوں نے یہ بیان پارٹی کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے اُس وقت جاری کیا جب اس کے امیدوار ٹھاکر رندھیر سنگھ نے اس حلقے سے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔موصوف نے کہاکہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے طویل عرصے تک اس علاقے پر حکومت کی ہے اور وہ وزیر بھی رہے لیکن زمینی طور پر کچھ نہیں کیا۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے مزید کہا کہ بی جے پی کے دور اقتدار میں پچھلے دس سالوں میں حالات بدلے ہیں، سڑکیں بن رہی ہیں، کوئلہ کان کے مزدوروں کے مسائل حل ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی نے اس دور افتادہ خطہ میں عوام کی امنگوں کو پورا کیا ہے اور یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے ایم پی جوگل کشور شرما کو مسلسل تیسری بار جیتنے کے لئے ووٹ دیا ہے۔ڈاکٹر جتیندر نے بھی بی جے پی امیدوار ٹھاکر رندھیر سنگھ کے لئے اپنی خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ بی جے پی امیدوار اس اسمبلی حلقہ سے جیتے گا کیونکہ زندگی کے تمام شعبوں کے لوگ ساتھ کھڑے ہیں۔