بھاجپا نے ریاست میں جمہوری نظام کو کمزور بنایا :ہرش دیو

جموں //نیشنل پنتھرز پارٹی کے ریاستی چیئر مین ہرش دیو سنگھ نے بھاجپا کر تنقید کا نشانہ بناتے ہو ئے کہاکہ اس نے ریاستی عوام کو کے حقوق کیساتھ کھلواڑ کرتے ہوئے جمہوری نظام کو کمز ور بنانے میں اپنا رول ادا کیا ۔یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ریاست میں اسمبلی انتخابات کو سیکورٹی انتظامات نہ ہونے کی بنیاد پر ملتوی کر دیا گیا ہے جبکہ اسی دوران صرف پارلیمانی انتخابات کو کروانے کا فیصلہ لیا گیا ہے جوکہ عوامی امنگوں کے برعکس اور ا ن کے حقوق کیساتھ کھلواڑ ہے ۔انہوں نے مرکزی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ اس سے قبل وزارت داخلہ کی جانب سے سیکورٹی کے معقول انتظامات کی یقین دہانی کروائی گئی تھی تاہم اپنے سیاسی مفاد کو ذہن میں رکھتے ہوئے پارٹی نے اسمبلی انتخابات کو نہ کروانے کا فیصلہ لیا ۔ریاست میں جلداز جلد اسمبلی انتخابات کروانے پر زور دیتے ہوئے این پی پی لیڈر نے کہاکہ ریاستی عوام کو ان کے جمہوری حق سے روکا نہیں جاسکتا ۔موصوف نے کہاکہ پارلیمنٹ میں مرکزی حکومت کی جانب سے پارلیمانی اور اسمبلی انتخابات کیلئے معقول سیکورٹی انتظامات کا بیان دیاگیا تھا لیکن پارٹی عوام کیساتھ کئے گئے وعدے کو پورا کرنے میں پوری طرح سے ناکام ہو چکی ہے ۔ہرش دیو سنگھ نے کہاکہ اگر ریاست میں پنچایتی ،بلدیاتی اور پارلیمانی انتخابات کروائے جاسکتے ہیں تو اسمبلی انتخابات کیلئے سیکورٹی انتظامات کیو ں نہیں کئے جاسکتے ۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ ریاست میں جلد ازجلد اسمبلی انتخابات منعقد کروانے کیلئے اقدامات اٹھا ئے جائیںتاکہ عوام کو ان کا حق مل سکے ۔