بھاجپا نے’ جموں پونچھ لوک سبھا الیکشن آفس‘ قائم کیا

جموں //بھاجپا کی ریاستی اکائی نے پارلیمانی انتخابات کے سلسلہ میں اپنی مہم شروع کر نے کیلئے ’جموں پونچھ لوک سبھا الیکشن آفس ‘قائم کر دیا ہے ۔بخشی نگر جموں میں الیکشن دفتر کا افتتاح کرتے ہوئے بھاجپا کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے پارٹی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ پارلیمانی انتخابات 2019میں پارٹی کی کامیابی کیلئے محنت و لگن سے کام کریں ۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا کی مرکزی حکومت نے 2014میں اقتدار میں آنے کے بعد ہر ایک طبقہ کی فلاح و بہبود کیلئے کئی ایک اسکیموں کو شروع کیا ۔موصوف نے کہاکہ گزشتہ پارلیمانی انتخابات کی طرح سے 2019میں بھی عوام بھاجپا کو کامیابی کیلئے حق رائے دہندگی کا استعمال کرینگے ۔اپنے خطاب میںممبر پارلیمنٹ جگل کشو شر ما نے کہاکہ سابقہ تمام حکومتوں نے عوام کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی قدم نہیں اٹھا یا جس کی وجہ سے اس وقت دیہی علا قوں کی ایک بڑی آبادی پسماندہ طرز کی زندگی بسر کرنے پر مجبور ہو چکی ہے ۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیتے ہوئے کہاکہ وہ بھاجپا کو زمینی سطح پر مضبوط بنانے کیلئے ایک مہم شروع کر یں ۔اس موقعہ پر پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری اشوک کول ،سابقہ ریاستی وزیر اعلیٰ کویندر گپتا،جموں مئیر چندر موہن گپتا و پارٹی کے دیگر لیڈران بھی موجود تھے ۔