بھاجپا میگا ریلی سے سرگرمیوں کا آغازکرے گی:اشوک کول

سرینگر//بی جے پی نے رواں برس منعقد ہورہے اسمبلی و پارلیمانی انتخابات میں علاقائی سطح پر میدان مارنے کیلئے اپنی سرگرمیاں تیز کردی ہیں۔پارٹی کے ریاستی جنرل سیکریٹری اشوک کول نے کے این ایس کو بتایا کہ وادی کشمیر میں بی جے پی باضابطہ 14مارچ سے انتخابی سرگرمیاں شروع کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاجپا وادی میں انتخابی سرگرمیوں کا آغاز ایک میگا ریلی سے کرنے جارہی ہے جہاں  شمال، جنوب اور وسطی اضلاع کی اعلیٰ قیادت حصہ لے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی و پارلیمانی انتخابات میں بھاری کامیابی کو یقینی بنانے کی خاطر بی جے پی کی اعلیٰ قیادت اور ریاستی لیڈران رابطے میںہیں اور مستقبل کا لائحہ عمل عنقریب ترتیب دیا جائے گا۔ بی جے پی لیڈر کا کہنا تھا کہ پارٹی کی طرف سے میگا ریلی میں پارٹی سے وابستہ 2ہزار ورکر حصہ لیں گے۔ریاست میں اسمبلی و پارلیمانی انتخابات کو ایک ساتھ منعقد کرنے کی وکالت کرتے ہوئے بی جے پی لیڈر اشوک کول کا کہنا تھا کہ اگر دونوں انتخابات ایک ساتھ منعقد ہوں گے تو بی جے پی اس کیلئے بالکل تیار ہے تاہم دونوں انتخابات ایک ساتھ کرانا الیکشن کمیشن کے حد اختیار میںہے۔ بی جے پی لیڈر نے بتایا ’’ہمارا کام سخت محنت اور جدوجہد کرنا ہے اور ہم اپنے طور پر کسی بھی کمزوری کا مظاہرہ نہیں کریں گے۔