بھاجپا لیڈر کا قتل | گورنر کاحالیہ سیاسی ہلاکتوں کی تحقیقات کا حکم

سری نگر//گورنر ستیہ پال ملک نے اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی لیڈر گل محمد میر کے قتل کی سخت مذمت کی ہے۔انسانی جان ضائع ہونے پر افسوس کا اِظہار کرتے ہوئے گورنر نے ایک تعزیتی پیغام میں مارے گئے سیاسی لیڈر کی روح کے ابدی سکون کے لئے دعا کرتے ہوئے غمزدہ خاندان کے ساتھ ہمدردی ظاہر کی ہے۔گورنر نے کہا ہے کہ سری نگر میں گورنر سیکرٹریٹ کے کھلنے کے فوراً بعد ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ طلب کی جائے گی جس میں ریاست میں سیاسی لیڈروں اور سرپنچوں کی سیکورٹی کا جائزہ لیا جائے گا۔گورنر نے کے وِجے کمار کے ساتھ بات کرتے ہوئے اُنہیں ہدایت دی ہے کہ وہ اس طرح کے قتل کے واقعات میںملوث افراد کو گرفتار کرنے کے لئے فوراً نوعیت کے اقدامات کریں۔دریں اثناء وزیر اعظم نریندر مودی نے گل محمد میر کی ہلاکت کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحوم کی بی جے پی کے تئیں خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں اس قسم کے تشدد کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ میں مرحوم کے کنبے اور دیگر خیر خواہوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں۔