بھاجپا زحکومت کے 3سال

نئی دہلی//کانگریس نے نریندرمودی حکومت کی 3سالہ کارکردگی کے بلندبانگ دعووں کا مضحکہ اڑاتے ہوئے کہا کہ بی جے پی کی قیادت والی حکومت نے صرف بے روزگاری کے محاذ پر ترقی حاصل کی ہے ۔کل ہند کانگریس کے ترجمان ابھیشیک منوی سنگھوی نے یہاں نامہ نگاروں سے کہا کہ کہاں تو دعوی کیا گیا تھا کہ ہر سال دو کروڑ روزگار فراہم کئے جائیں گے لیکن بنیادی حقیقت یہ ہے کہ لوگ بے روزگار ہوتے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس کی قیادت والی یوپی اے حکومت کی کارکردگی سے این ڈی اے حکومت کی کارکردگی کا موازنہ کیا جائے ۔ خاص طور پر روزگار فراہم کرنے کے محاذ پر تو موجودہ حکومت کے حق میں نتیجہ صفر نظر آتا ہے ۔انہوں نے دعوی کیا کہ 2009-10میں 8.7لاکھ ،2010-11میں 9لاکھ روزگار کے مواقع پیدا کئے گئے تھے ۔ مودی حکومت قائم ہونے کے بعد 2014-15میں روزگار کے مواقع 1.35لاکھ کی حد تک ہی پیدا کئے جاسکے ۔ڈاکٹر سنگھوی نے کہا کہ مودی حکومت کے پاس جملہ بازی کے علاوہ ٹھوس کچھ بھی نہیں۔ اس باب میں اپوزیشن کے لئے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ حکومت کاجھوٹ بے نقاب کرے ۔کانگریسی ترجمان نے کہا کہ وہ یہ کہہ سکتے ہیں کہ مودی جی کو جشن منانے اورجملہ بازی کرنے کا حق حاصل ہے لیکن اسی کے ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ وہ واضح کریں کہ کس بات کا جشن منارہے ہیں۔ ''کیا یہ حکومت بے روزگاری کے فروغ کا جشن منارہی ہے ،،۔
واضح رہے کہ بی جے پی کی قیاد ت والی این ڈی اے حکومت 2014میں 26مئی کو برسراقتدار آئی تھی۔ اس الیکشن میں بی جے پی کو جہاں زبردست کامیابی ملی تھی وہیں کانگریس کی سیٹوں کی تعداد 44تک محدود رہ گئی تھی۔بی جے پی کو 282سیٹیں حاصل ہوئی تھیں۔یو این آئی۔