بھاجپا بیشتراسمبلی حلقوں پر الیکشن لڑے گی | پارٹی الیکشن میں اکثریت حاصل کر کے آئندہ حکومت بنائے گی :رینہ

سمت بھارگو

راجوری//بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) جموں و کشمیر کے اسمبلی حلقوں میں سے بیشترپر انتخابات لڑے گی تاہم کچھ ایک اسمبلی حلقوں پر پارٹی آزاد امید واروں کی حمایت کر سکتی ہے ۔ان خیالات کا اظہار بھاجپا جموں وکشمیر کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے راجوری میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔رینہ نے آنے والے اسمبلی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی بھاری اکثریت سے انتخابات جیتنے والی ہے اور پارٹی کا اپنا وزیر اعلیٰ ہوگا۔موصوف نے کہاکہ جموں و کشمیر میں وزیر اعلیٰ بی جے پی سے ہوں گے اور ہم اپنی حکومت بنائیں گے۔ رینہ نے مزید کہا کہ پارٹی جموں و کشمیر کے بیشتر اسمبلی حلقوں سے انتخابات لڑنے جا رہی ہے سوائے چندکے جہاں پارٹی کیڈر کو مزید مضبوط کرنے کی گنجائش ہے۔انہوں نے کہاکہ مرکزی بھاجپا حکومت کے دور میں پارٹی کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کیلئے مثالی کام کئے گئے ہیں جن کو دیکھتے ہوئے عوام کی نے بھاجپا کو مرکزی میں ایک مرتبہ پھر سے حکومت بنانے کیلئے اکثریت دی ہے ۔

بھاجپا نے 44 اسمبلی حلقوں میں انتخابی دفاتر کھولے

سمت بھارگو
راجوری//اسمبلی انتخابات کی تیاریوں کے ایک حصے کے طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے پیر کو جموں و کشمیر کے 44اسمبلی حلقوں میں اپنے دفاتر کھولے لئے ہیں ۔ان میں سے 43 دفاتر کا افتتاح بی جے پی کے جموں و کشمیر صدر رویندر رینہ نے راجوری میں پارٹی دفتر سے آن لائن موڈ کے ذریعے کیا جہاں انہوں نے پارٹی کے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا۔راجوری میں، بی جے پی راجوری ضلع یونٹ نے آنے والے اسمبلی انتخابات کی تیاری میں راجوری، بدھل، اور تھنہ منڈی حلقوں میں اپنے انتخابی دفاتر کھولے۔دفتر کا افتتاح بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر رینہ نے کیا جنہوںنے ریاست جموں کے دیگر 43 اسمبلی حلقوں کے انتخابی دفاتر کا عملی طور پر بی جے پی ہیڈ کوارٹر راجوری سے افتتاح کیا۔دیگر بی جے پی قائدین بشمول ایڈووکیٹ وبود گپتا بی جے پی جے کے یو ٹی جنرل سکریٹری، دنیش شرما بی جے پی ضلع صدر راجوری، پربھاری راجوری جگل ڈوگرا، چوہدری طالب حسین، راجندر گپتا، عبدالغنی کوہلی، محمد اقبال ملک، منظور احمد نائک، پشپندر گپتا، نتیش چب، عبدالقیوم میر، کپل سریال ،آصف کٹاریہ اور ڈاکٹر نثار چوہدری بھی دفتر کی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے رویندر رینہ نے آئندہ اسمبلی انتخابات میں مقابلہ کرنے اور جیتنے کے لئے پارٹی کی تیاری پر اعتماد ظاہر کیا۔انہوں نے بی جے پی کے لئے شاندار جیت کا اندازہ لگایا، اور اس بات پر زور دیا کہ پارٹی جموں و کشمیر میں 50 سے زیادہ اسمبلی حلقوں کو حاصل کرے گی۔موصوف نے پارٹی ممبران کے لئے آنے والے کاموں اور پروگراموں کا خاکہ بھی پیش کیا، بوتھ کی سطح تک ہر سطح پر مربوط کوششوں کی اہمیت پر زور دیابی جے پی لیڈروں نے کہا کہ کانگڑا سے ممبر پارلیمنٹ ڈاکٹر راجیو بھردواج، جنہیں بی جے پی ہائی کمان نے پیر پنجال علاقے کے تمام آٹھ حلقوں کے انچارج کے طور پر مقرر کیا ہے، بی جے پی لیڈروں نے کہا کہ انہوں نے پارٹی کارکنوں کو آئندہ انتخابات کیلئے متحرک کرنے میں کردار ادا کیا۔