بھاجپا بالاکوٹ حملہ کو سیاسی بنانے کیلئے کوشاں: کرن سنگھ

چنینی //سابق صدر ریاست و کانگریس کے سینئر لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ نے بی جے پی پر الزام عائد کیاہے کہ وہ بالاکوٹ حملے کو سیاسی بنانے کی کوشش کررہی ہے ۔ چنینی میں اپنے فرزند و کانگریس کے اودھمپور۔ ڈوڈہ حلقہ کیلئے امیدوار وکرم ادتیہ سنگھ کے حق میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر کرن نے کہاکہ بدقسمتی سے بی جے پی بالاکوٹ حملے کو سیاسی بنانے کی کوشش کررہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ بالاکوٹ حملے کی سبھی اپوزیشن جماعتوںنے حمایت کی لیکن بی جے پی کی طرف سے لوگوں کو حقائق اور ہلاکتوں کی تعداد کے حوالے سے گمراہ کیاجارہاہے ۔انہوںنے پلوامہ حملہ کو سیکورٹی کی ناکامی قراردیتے ہوئے کہاکہ اس پر جامع تحقیقات کروائی جائے اور ملوثین کے خلاف کارروائی کی جائے ۔بی جے پی اور کانگریس کے انتخابی منشور پر بات کرتے ہوئے کرن سنگھ نے کہاکہ کانگریس کے انتخابی منشو رمیں انسانی حقوق، جمہوریت ، امن ترقی اور خوشحالی کا ذکر ہے جبکہ بی جے پی کا منشور اس کے برعکس ہے ۔انہوںنے کہاکہ حلقہ اودھمپور سے لوگ کانگریس امیدوار کی بڑے پیمانے پر حمایت کررہے ہیں ۔