جموں//کانگریس نے اپنی حریف جماعت کا اپنی ناکامیاں خود تسلیم کرنے کیلئے شکریہ ادا کیا ۔جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر غلام احمد میر نے کہاکہ بھاجپا عوام کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کرپائی جس کیلئے کانگریس گزشتہ تین سال سے کہتی آئی ہے اور اب وہ اس بات کیلئے امت شاہ کا شکریہ اد اکرتے ہیں کہ انہوں نے اپنی ناکامیوں کو خود ہی تسلیم کرلیاہے ۔امت شاہ کے اس جواز پر کہ پی ڈی پی نے جموں اور لداخ کی ترقی نہیں ہونے دی ، میر نے کہاکہ بھاجپا کی اس کہانی کو جموں و کشمیر میں کوئی نہیں خریدے گا۔ان کاکہناتھا’’پچھلے تین سال سے بھاجپا ریاست کی ترقی کا سہرا لینے کی کوشش میں رہی ،وہ اعلیٰ سطح سے یہ کہتے رہے کہ جموں کشمیر میں پچھلے تین سال میں نمایاں ترقی ہوئی ہے جبکہ کانگریس نے ستر سال میں کچھ نہیں کیا لیکن امت شاہ نے سچائی بیان کرتے ہوئے بی جے پی کے جھوٹ کو عیاں کردیا‘‘۔میر کاکہناتھاکہ جموں وکشمیر میں بھاجپا کے پاس اسمبلی کی پچیس نشستیں ہیں لیکن انہیں مرکز سے اسی پارٹی کی قیادت والی ایک مضبوط حکومت سے حمایت حاصل ہے اس لئے اپنی ناکامیوں کا الزام کسی دوسری جماعت پر لگانا ذمہ داریوں سے بچنے کیلئے کوئی اچھا طریقہ نہیں۔انہو ں نے کہا’’بی جے پی کولیشن میں بڑی پارٹی ہے ،اس کی اجازت کے بغیر ریاست میں پتہ بھی نہیں ہل سکتااس لئے یہ سب باتیں محض جھوٹ ہیں‘‘۔انہوں نے عوام کو خبردار کرتے ہوئے کہاکہ بھاجپا پھر سے تقسیم کی سیاست کی چال چلنے جارہی ہے۔ان کاکہناتھاکہ جموں کی ریلی میں امت شاہ نے صرف جموں اور لداخ سے ناانصافی کے بارے میں باتیں کیں تاہم انہوں نے کشمیر کے حالات کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا،وادی کے لوگ پی ڈی پی۔بھاجپا کی بدحکمرانی کی وجہ سے مار جھیل رہے ہیں اور انہیں جی ایس ٹی،نوٹ بندی اور ہلاکتوں کے سوا کچھ نہیں ملا۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا تقسیم کی سیاست کھیل رہی ہے جبکہ کانگریس پوری ریاست کو ایک یونٹ کے طو رپر دیکھتی ہے اور حقیقت یہی ہے کہ بھاجپا و پی ڈی پی حکومت ریاست کے تینوں خطوں میں ناکام ہوکر رہ گئی ۔میر نے کہاکہ امت شاہ کی تقریر آنے والے الیکشن میں تقسیم کی سیاست کی طرف واضح اشارہ ہے لیکن وہ امید کرتے ہیں کہ لوگ اس کو ناکام بنادیں گے اور فرقہ وارانہ بنیادوں پر تقسیم نہیں ہونے دی جائے گی۔کانگریس لیڈران پر الزامات کے سوال کے جواب میں میر نے کہاکہ امت شاہ کون ہے جو راہل گاندھی، غلام نبی آزاد یا سیف الدین سوز سے سوال کرے ۔ان کاکہناتھا’’امت شاہ فرقہ وارانہ واقعہ (گجرات فسادات) کی پیداوار ہے جو راہل گاندھی سے سوال نہیں کرسکتاجس کی چار نسلوں نے عوامی خدمات انجام دیں،کانگریس میں کسی بھی شخص کو امت شاہ سے وطن پرستی کی سند نہیں چاہئے‘‘۔
بھاجپا آپ کا شکریہ: امت شاہ نے اپنی ناکامیاں خود تسلیم کیں:میر
