بھاجپا اور پی ڈی پی نے عوامی اعتماد کھو دیا: شریف نیاز

 بھدرواہ//سابق وزیر اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے رکن محمد شریف نیاز نے کہا ہے کہ بی جے پی اور پی ڈی پی پورے خطہ چناب میں عوامی اعتماد کھو چکی ہیں اور لوگ ان جماعتوں کی حقیقت سے بخوبی واقف ہو گئے ہیں۔ گندو میں بلاک کے نو منتخب پنچوں اور سرپنچوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات میں کانگریس بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔اس موقع پر بی جے پی اور پی ڈی پی سے تعلق رکھنے والے کئی پنچوں اور کارکنوں نے کانگریس کا دامن تھام لیا، ان میں عبدالقیوم پنچ بی جے پی، طارق حسین پنچ پی ڈی پی ، ادہم سنگھ پنچ بی جے پی، عبدالواحد پنچ پی ڈی پی ، کرن سنگھ پنچ بی جے پی وغیرہ شامل ہیں۔ شریف نیاز نے کہا کہ گزشتہ روز چراہلہ بلاک میں ہوئے پنچایتی انتخابات میں چراہلہ اور جوڑہ ہلارن علاقہ سے 15منتخب سرپنچوں میں سے 13کا تعلق کانگریس سے ہے۔ انہوں کہا کہ بھالہ پنچایت سے سابق ممبر اسمبلی دلیپ سنگھ پریہار کی قریبی رشتہ دار اور بی جے پی امیدوار شکنتلا دیوی چنائو ہار گئی جس سے اس بات کا پتہ چلتا ہے کہ بی جے پی کس طرح سے لوگوں میں اپنی ساکھ کھو چکی ہے ۔