بھاجپا اسمبلی میں اکثریت کیساتھ 5اگست کے فیصلے پر مہر لگانا چاہتی ہے

راجوری+پونچھ//جموں و کشمیر کی سابقہ وزیر اعلیٰ اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے کہا ہے کہ بھاجپا جموں وکشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات میں زیادہ سے زیادہ سیٹوں پر کامیابی حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے تاکہ وہ جموں وکشمیر کی اسمبلی میں اکثریت کیساتھ 5اگست 2019کے فیصلے پر مہر لگا سکے ۔موصوفہ نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ائندہ اسمبلی انتخابات میں بھاجپا کے بجائے پیپلز الائنس فار گپکار (PAGD) کے امیدواروں کے حق میں ووٹ دیں۔پی ڈی پی صدر خطہ پیر پنچال کے دورے کے دوران سرنکوٹ میں ایک عوامی کنونشن کیساتھ خطاب کررہی تھی ۔محبوبہ مفتی راجوری اور پونچھ کے دو روزہ دورے پر ہیں جہاں ہفتہ کو انہوں نے پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق رکن اسمبلی یشپال شرما کے انتقال پر تعزیت کیلئے پونچھ کا دورہ کیا۔اتوار کو انہوں نے سرنکوٹ میں ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا اور جموں روانہ ہونے سے قبل راجوری کے بہروٹے علاقے کا بھی دورہ کیا۔محبوبہ مفتی نے پونچھ کے سرنکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ جموں و کشمیر میں فوری طور پر انتخابی عمل کا کوئی رجحان نہیں ہیں لیکن انتخابات ہونے ہیں۔انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ وہ صرف گپکار الائنس کے امیدواروں کے حق میں ہی ووٹ دیں تاکہ عوام کی تعمیر و ترقی کا عمل بحال ہو سکے ۔محبوبہ مفتی نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر اسمبلی میں اکثریت حاصل کر کے بی جے پی 5 اگست 2019 کے فیصلے پر مہر لگانا چاہتی ہے تاکہ سپریم کورٹ میں کیس کمزور ہو جائے۔تھنہ منڈی کے بہروٹ علاقے میں پارٹی کے ایک کارکن کے گھر جاکر تعزیت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سینئر پی ڈی پی لیڈر اور پارٹی کارکن انجم مرزا کے ایک قریبی رشتہ دار کی موت ہو گئی تھی جس کے چلتے پارٹی صدر نے گھر جا کر غمزدہ خاندان سے تعزیت کی۔ اس موقعہ پر محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ مرکزی حکومت نے جموں و کشمیر میں دفعہ 370 ہٹا کر مسئلہ کشمیر کے حل کو اور بھی پیچیدہ بنا دیا ہے۔محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ پی اے جی ڈی کی مشترکہ آواز سے مرکزی حکومت کو تکلیف پہنچتی ہے کیونکہ پی اے جی ڈی جموں و کشمیر کے عوام کی بات کرتی ہے جو مرکزی حکومت کو قابل قبول نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ یا پی اے جی ڈی کا سب سے بڑا مقصد دفعہ 370 بحال کرنے کے لئے کوشش کرنا ہے تاکہ جموں و کشمیر کا تشخص بچایا جا سکے۔ پارٹی کارکنوں سے بات کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے کہا کہ پیپلز الائنس برائے گپکار اعلامیہ ابھی بھی صحیح و سالم ہے اور اس کا بڑا مقصد دفعہ 370 کی بحالی کے لئے لڑنا ہے لہذا پی اے جی ڈی کو مضبوط کریں۔