بکروال کنبوں پراُُفتاد | آسمانی برق اور طوفان سے 167بھیڑ بکریاں ہلاک

راجوری //3بکروال کنبوں کو اس وقت لاکھو ں روپے مالیت کا نقصان اٹھاناپڑ اجب راجوری میں آسمانی برق اور طوفان کی زد میں آکر ان کی 167بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں ۔تین بکروال کنبے شاہجاں اور غلام رسول پسران محمد اسرائیل ساکن پنجہ کالاکوٹ اور اختر علی ولد شاہ نور عالم ساکن ڈگانی راجوری اپنی بھیڑ بکریاں لیکر موسمی ہجرت کے تحت کشمیر کی پہاڑیوں کی طرف روانہ تھے کہ گزشتہ رات پوٹھہ گائوں میں قیام کے دوران ساڑھے 12بجے اچانک سے آسمانی برق گرا اور طوفان آیا جس کی زد میں آکر 167بھیڑ بکریاں ہلاک ہوگئیں ۔دریں اثناء منگل کی صبح محکمہ شیپ ہسبنڈری کی ٹیم موقعہ پر پہنچی اور نقصانات کا جائزہ لیا ۔بعد ازآں ڈپٹی کمشنر راجوری محمد نذیر شیخ بھی پوٹھہ گائوں پہنچے اور وہ متاثرین کے ساتھ بھی ملے ۔انہوں نے موقعہ پر ہر ایک کنبے کو 50ہزار روپے کا چیک ریڈ کراس فنڈ سے فراہم کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ وہ نقصان کا مکمل جائزہ لیکر رپورٹ پیش کریں تاکہ متاثرہ کنبوں کو مزید جس قدر ممکن ہوسکے ،امداد فراہم کی جائے ۔ان کے ہمراہ ایڈیشنل ایس پی لیاقت چوہدری، ضلع شیپ ہسبنڈری افسر ڈاکٹر سرفراز نسیم چوہدری ، تحصیلدار راجوری شیراز چوہان اور تحصیلدار کالاکوٹ عبدالقیوم بھی تھے ۔