بڑھتی قیمت کا شاخسانہ

حیدرآباد// شادی کے موقع پر نوبیاہتا جوڑے کو مہمانوں کی جانب سے مختلف تحائف جیسی گھریلو اشیا، مہنگی جویلری،کپڑے اور دیگر اشیا دینے کا رواج عام ہے تاہم تلنگانہ میں ہوئی ایک شادی کے موقع پر ایک انوکھا تحفہ دیاگیا ہے جس نے وہاں موجود مہمانوں کے ساتھ ساتھ دلہا اور دلہن کو بھی حیرت میں ڈال دیا ہے ۔دلہے کے دوستوں بھاسکر،ستیش،سرینواس،نوین اور دوسروں نے شادی کے موقع پر ایک لیٹر پٹرول کا کین تحفہ کے طورپر پیش کیا۔اس کین پر انگریزی میں لکھاگیا ہے کہ دوستوں کا تحفہ پٹرول۔ہفتہ کی شب ضلع جنگاوں کے نرمٹا علاقہ میں ہوئی اس شادی کی تقریب میں تحفہ دینے کے دوران ان دوستوں نے دلہے کو یہ مشورہ بھی دیاکہ وہ اس قیمتی پٹرول کا استعمال کفایت سے کرے ۔دوستوں کی جانب سے انوکھاتحفہ پٹرول کی قیمت میں اضافہ کو ظاہر کرنے کیلئے دیاگیا ہے کیونکہ حالیہ دنوں کے دوران پٹرول کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔