بڈیسر گائوں میں لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا

رمیش کیسر
نوشہرہ // سب ڈویژن نوشہرہ کے بڈیسر گائوں میں مکینوں کو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہاہے تاہم متعلقہ حکام کی جانب سے پانی کی سپلائی کو بحال کرنے کی جانب کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے متعلقہ حکام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے علاقہ میں پانی کی سپلائی کا عمل متاثر ہوا ہے لیکن محکمہ کے ملازمین اور آفیسران عوامی مشکلات کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں متعدد مرتبہ حکام سے بھی رابطہ قائم کیا گیا ہے لیکن کوئی عملی قدم ابھی تک نہیں اٹھایاجاسکا ہے ۔غور طلب ہے کہ گائوں کی عوام میلوں دور سے پینے کا صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں سپلائی کو بحال کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔دوسری جانب محکمہ کے جونیئر انجینئر نے بتایا کہ عارضی ملازمین کی ہڑتال کی وجہ سے سپلائی متاثر ہوئی ہے ۔انہوں نے یقین دلاتے ہوئے کہاکہ علاقہ میں سپلائی کو بحال کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں ۔