بڈھا امرناتھ یاترا 2018: پولیس کا سیول سوسائٹی سے اجلاس ،تعاون فراہم کرنے کی اپیل

 منڈی//سالانہ بڈھا امرناتھ یاترا کے پیش نظر منڈی ڈاک بنگلہ میں پولیس اور سیول سوسائٹی کا ایک اجلاس منعقد ہوجس کی صدارت ڈی وائی ایس پی ہیڈ کوارٹر پونچھ نواز کھانڈے نے کی۔اس موقعہ پر پنچایتی نمائندگان نے بھی شرکت کی ۔مقررین نے اس بات کاعزم ظاہر کیاکہ ہر سال کی طرح امسال بھی بڈھا امرناتھ یاتر ابہتر طریقے سے انجام دی جائے گی۔انہوںنے کہا کہ ریاست اور بیرون ریاست سے آنے والے لوگ ان کے مہمان ہیں جن کے ساتھ مہمانوں جیساسلوک کیاجائے گا۔پی ڈی پی لیڈر و صدر بیوپار منڈل منڈی شمیم احمد گنائی نے کہا کہ انتظامیہ کو سیول سوسائٹی منڈی کی طرف سے پورا تعاون ملے گا اور کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست یا بیرون ریاست سے آنے والے لوگوں کا استقبال کیاجائے گاتاہم انہیں بھی اس بات کا دھیان رکھناہوگاکہ یاترا کو امن و امان وبھائی چارے کے ساتھ انجام دیں ۔ انہوں نے کہا کہ یاتریوں کو چاہیے کہ وہ بغیر کسی ڈر اور خوف کے یاترا کریں ۔ڈاکٹر غلام عباس نے کہا کہ وہ عرصہ دراز سے اس یاترا کا استقبال کرتے آئے ہیں اور آنے والی یاترا کا بھی استقبال کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ کئی بار ایسا ہواہے کہ یاتریوں کیلئے جگہ کم پڑ جاتی تھی تو مقامی مسلم آبادی ان کو اپنے گھروں میں ٹھہراتی جو بھائی چارے کی زندہ مثال ہے ۔ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر نے منڈی کے لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ہمیشہ پولیس کا ساتھ دیاہے اورآنے والی یاترا میں بھی ان سے ایسی ہی امید ہے ۔ انہوں نے کہاکہ یاترا کے دوران ٹریفک کے حوالے سے پہلے سے بہتر انتظام ہونگے اور یاتریوں کو عوام کے تعاون سے ہر سہولت فراہم کی جائے گی ۔اجلاس میں عبدالاحد بٹ، طارق منظور، فاروق نجار، سریندر سنگھ، شکیل پرے ، مفتی شریف الحسن وغیرہ بھی موجو دتھے ۔ایس ایچ او منڈی سوم راج نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔