یو این آئی
پونچھ//ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس راجوری پونچھ رینج، ڈاکٹر حسیب مغل نے آنے والی شری بابا بڈھا امرناتھ یاترا کیلئے حفاظتی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈاکٹر حسیب نے پونچھ منڈی کے شری بابا بڈھا امرناتھ مندر میں سیکورٹی جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں پولیس انتظامیہ کے افسران بشمول ایس ایس پی پونچھ، منڈی پونچھ میں واقع سی او 32 بٹالین بی ایس ایف ہیڈکوارٹر، متعلقہ ایس ڈی پی او، ایس ایچ او منڈی موجود تھے۔ڈی آئی جی کو یاترا سیکورٹی پلان، علاقے پر تسلط کی مشقوں اور آنے والی شری بدھا امرناتھ یاترا کیلئے سول سوسائٹی کے تعاون کے بارے میں بتایا گیا۔انہیں روٹ سیکورٹی پلان کے ساتھ ساتھ یاترا کے سائیٹ سیکورٹی پلان کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی جسے کثیر سطحی سیکورٹی اپریٹس کے ذریعے برقرار رکھا جائے گا۔ڈی آئی جی نے شری بابا بڈھا امرناتھ جی مندر کے تمام حصوں کا دورہ کیا جہاں مندر کے انتظامیہ نمائندوں اور پجاری نے مندر کے احاطے کی ترقی کیلئے کوششوں کے بارے میںجانکاری فراہم کی ۔انہوں نے مندر کے اندر اور اس کے آس پاس جہاں بھی ضرورت ہو حفاظتی آلات کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کیں جس میں افرادی قوت کے ساتھ ساتھ سی سی ٹی وی کے ذریعے مندر کے ہر علاقے پر نظر رکھنے پر بھی زور دیا گیا۔مندر کے اندر رش کو روکنے کیلئے مختلف قطاروں میں عقیدت مندوں کی مناسب تقسیم پر زور دینے کے ساتھ بھیڑ کو کنٹرول کرنے کے اقدامات پر بھی گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ڈی آئی جی راجوری پونچھ رینج نے علاقے کی سول سوسائٹی کے ارکان سے بھی ملاقات کی اور تقریب کو ہموار اور پرامن بنانے کے لئے ان سے فعال تعاون کی خواہش ظاہر کی ۔انہوں نے کہا کہ یاترا کے ہموار اور پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے تمام ضروری حفاظتی اقداماتکئے جائیں گے۔