سرینگر// وسطی ضلع بڈگام کے وہاب پورہ علاقے سے تعلق رکھنے والے ایک فوجی جوان کی جمعہ کی صبح لیہہ کے ایک ہسپتال میں دماغ کی نس پھٹ جانے سے موت واقع ہوئی ۔ مذکورہ فوجی جوان کی چند روز قبل لیہہ میں دماغ کی نس پھٹ گئی تھی جس کے بعد ان کو ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔ ہسپتال میں چند روز تک موت و حیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جمعہ کی صبح وہ زندگی کی جنگ ہار گیا۔متوفی فوجی جوان کی شناخت بشیر احمد گنائی ولد مرحوم غلام حسن گنائی کے بطور ہوئی ہے۔ ان کے اہلخانہ نے حکومت بالخصوص جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے اپیل کی ہے کہ وہ ان کی میت کو ہوائی جہاز کے ذریعے سری نگر لانے کے لئے اقدام کریں۔متوفی کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ چار چھوٹی بیٹیاں شامل ہیں۔