بڈگام میں کوروناوائرس کی روکتھام کیلئے جامع مہم | خلاف ورزی کے مرتکب راہگیروں سے جرمانے وصول

بڈگام+ٹنگمرگ//ڈپٹی کمشنر بڈگام کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے ، اے ڈی سی بڈگام ڈاکٹر ناصر احمد کی نگرانی میں ضلع ہیڈ کواٹر کے گرنو اح میں کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے ایک جامع مہم چھیڑ دی گئی۔ مہم کے دوران  بغیرسک پہنے افراد پر 500روپے تک کا  جرمانہ موقعہ پر عائد کیا گیا۔اس موقع پر اے ڈی سی ڈاکٹر ناصر نے کہا کہ شروع کی گئی  مہم بیک وقت تمام تحصیل ہیڈ کوارٹرز پرجا ری ہے جہاں متعلقہ مجسٹریٹ پولیس اہلکاروں ، میونسپلٹی کے عملہ اور دیگر عہدیداروں کے ہمراہ مسافر گاڑیوں ، تمام عوامی مقامات ، اسپتالوں کی چیکنگ کررہے ہیں۔ اے ڈی سی نے مزید کہا کہ اس مہم کا مقصد چہرہ پر ماسک پہننا اور دیگر لازمی ایس او پیز کی پیروی کو یقینی بنانا ہے ، اس کے علاوہ صحت مند ماحول کی بحالی کی حوصلہ افزائی کرنا ہوگی۔اس مہم کو ایم وی ڈی بڈگام کے ساتھ مربوط کیا گیا تھا جس کے عہدیداروں نے اے آر ٹی او جمشید چوہدری کی نگرانی میں گاڑیوں کی جانچ پڑتال کی اور ماسک نہ پہننے والوں سے 9200 روپے موقعہ پر ہی وصول کیا۔مہم کے دوران بیروہ قصبے میں ماسک نہ پہننے والوں سے 5500 روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔ٹنگمرگ میںکووِڈ- 19کی روکتھام سے متعلق رہنما خطوط کی خلاف ورزی کرنے پر گزشتہ دوروزکے دوران ماسک نہ پہننے والے لوگوں سے30ہزار روپے کا جرمانہ وصول کیا گیا۔اطلاعات کے مطابق ایس ایچ او کنزر کی قیادت میں پولیس ٹیم نے گزشتہ دوروز کے دوران قصبہ کنزرمیں بغیر ماسک کے لوگوں سے قریب تیس ہزار روپے کاجرمانہ وصول کیاجبکہ گلمرگ جانے والے سیاحوں پر بھی ماسک نہ پہننے پر جرمانہ عائد کیاگیا۔سب ضلع ٹنگمرگ اور کنزر میں پولیس نے ماسک کا استعمال نہ کرنے والوں کے خلاف مہم چھیڑ رکھی ہے جس کی عوامی حلقوں نے سراہنا کی ہے۔