بڈگام میںنیشنل کانفرنس کی احتجاجی ریلی

 سرینگر//ڈی ڈی سی چیئرمین بڈگام کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پر کوئی بھی عملدرآمد نہ کرنے کے خلاف نیشنل کانفرنس کی جانب سے   بڈگام میں ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی اور عدم اعتماد کی تحریک پر فوری کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔ پارٹی کے وسطی زون صدر علی محمد ڈار، نائب صوبائی صدر منظور احمد وانی، ضلع صدر بڈگام حاجی عبدالاحد ڈار، پارٹی لیڈران ڈاکٹر محمد شفیع اور سیف الدین بٹ ریلی کی قیادت کررہے تھے۔ ریلی میں ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل کے نائب چیئرمین چودھری نذیر احمد سمیت نیشنل کانفرنس کے 8اور حمایتی جماعتوں کے 2ڈی ڈی سی ممبران بھی شامل تھے۔ احتجاجی لیڈران نے ضلع ترقیاتی کمشنر پر زور دیا کہ وہ جمہوریت مقدم سمجھ کر عدم اعتماد کی تحریک پر کارروائی کریں ۔ انہوں نے کہا کہ اس عمل میں کسی بھی دیری کی صورت میںوہ ڈی سی آفس کے سامنے دھرنے پر بیٹھ جائیں گے۔ 16جولائی 2021کو 10ڈی سی سی ممبران کی طرف سے ضلع الیکشن آفسر(ڈپٹی کمشنر بڈگام) کے پاس کونسل چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کی گئی ہے۔