وسطی ضلع بڈگام کے کٹھپورہ چھتر گام علاقے میں بدھ کو جنگجوئوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس اور فورسز نے جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو جنگجوئوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی۔پولیس نے کہا کہ فورسز نے بھی جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں دو جنگجو جاں بحق ہوگئے ۔مارے گئے جنگجوئوں میں سے ایک کی شناخت لشکر طیبہ کے کمانڈر نوید جھاٹ عرف ہانزلہ کے بطور ہوئی ہے جوپولیس کے مطابق معروف صحافی سیدشجاعت بخاری کے قتل میں بھی ملوث تھا۔
پولیس کے مطابق جون 2014میں پولیس نے نوید جھاٹ کو گرفتار کیا تاہم فروری 2018میں مذکورہ جنگجو کو طبی معائنہ کیلئے صدر اسپتال سرینگر لے جایا گیا جس دوران اسپتال میں گولیوں کا تبادلہ ہوا اور نوید جھاٹ نے راہِ فرار اختیار کی۔ صدر اسپتال سرینگر میں فائرنگ کے اس واقعے میں دو پولیس اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔
پولیس کے مطابق بڈگام میں جھڑپ کی جگہ اسلحہ وگولہ بارود اور قابلِ اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔پولیس نے کہا چونکہ نوید جھاٹ پاکستان کا رہائشی تھا اس لئے قواعد و ضوا بط کے تحت مرکزی حکومت نعش کی حوالگی کیلئے پاکستان کو آگاہ کرے گی ۔
اس سے قبل وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں کٹھپورہ، چھترگام نامی گائوں میں جنگجوئوں اور فورسز کے مابین معرکہ آرائی کے دوران دو جنگجو جاں بحق ہوگئے۔ اس جھڑپ میں تین فوجی اہلکار بھی زخمی ہوگئے۔
اطلاعات کے مطابق یہ معرکہ آرائی فورسز کی طرف سے گائوں کے محاصرے کے بعد شروع ہوئی تھی۔