نیوز ڈیسک
سری نگر// جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام کے چاڈورہ علاقے میں مشتبہ جنگجووں نے تحصیل آفس میں تعینات ایک ملازم پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ شدید طورپر زخمی ہوا اور اُس کو نازک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔
سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جمعرات کی سہ پہر کوتحصیل آفس چاڈورہ میں تعینات ملازم راہول بٹ پر مشتبہ جنگجووں نے نزدیک سے گولیاں چلائیں جس وجہ سے وہ خون میں لت پت ہو کر نیچے گرپڑا۔
انہوں نے بتایا کہ آس پاس موجود لوگوں نے زخمی ملازم کو سب ضلع ہسپتال چاڈورہ پہنچایا جہاں ابتدائی مرہم پٹی کے بعد اُس سے صدر ہسپتال سری نگر ریفر کیا گیا تاہم وہاں پر موجود ڈاکٹروں نے اُسے مردہ قراردیا۔
صدر ہسپتال کے سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر کنول جیت سنگھ نے بتایا کہ سہ پہر کے بعد راہول بٹ نامی ایک شہری کو انتہائی نازک حالت میں ہسپتال لایا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ اگر چہ ہسپتال میں تعینات ڈاکٹروں نے اُس کو بچانے کی انتھک کوشش کی تاہم جسم سے کافی خون بہنے اور نازک حصے میں گولیاں لگنے کے باعث وہ جانبر نہ ہو سکا۔
بتادیں کہ بلاک میڈیکل آفیسرچاڈورہ ڈاکٹر دلیر نے یو این آئی اردو کو بتایا کہ راہول بٹ نامی ملازم کے کے جسم کے مختلف حصوں کو چار گولیاں لگی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ زخمی شہری کے پیٹھ میں دو، دائیں بازو میں ایک اور کان میں بھی ایک لگی ہیں۔
دریں اثنا فوج ، پولیس اور سی آر پی ایف نے چاڈورہ اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی بڑے پیمانے پر تلاش شروع کی ہے۔