سرینگر//بڈرو پہلگام میں پینے کے پانی کی قلت کے پیش نظر لوگوں نے جل شکتی محکمہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔احتجاجی لوگوں نے کہا کہ گاؤں میں 15 سال قبل پانی کی ٹینکی تعمیر کی گئی تھی لیکن آج تک پانی کی فراہمی کو یقینی نہیں بنایا گیا ۔ یہ گائوں ٹینکی سے محض 500 میٹر کی دوری پر واقع ہے۔مقامی لوگوں نے کہا ’’ہمارے علاقے میں گزشتہ کئی برسوں سے پینے کے پانی کی عدم دستیابی کا سامنا ہے۔انہوںنے کہا ’’ہم نے پینے کے پانی کی بحالی کے لئے جل شکتی محکمہ کے حکام سے اپیل کی لیکن ہماری شکایت پر کبھی توجہ نہیں دی گئی‘‘۔مقامی لوگوں نے جل شکتی محکمہ پرلیت و لعل کاالزام عائدکیا‘‘۔لوگوں نے ایل جی انتظامیہ اور ضلع انتظامیہ اننت ناگ سے درخواست کی کہ وہ اس معاملے پر توجہ دیں اور ان کے حقیقی مسئلہ حل کریں۔ جل شکتی محکمہ کے متعلقہ اسسٹنٹ انجینئر نے کہا کہ یہ علاقہ اونچائی میں آتا ہے اسلئے وہاں پانی پہنچانا تھوڑا مشکل ہے۔انہوں نے کہ کہ اب اس علاقے تک پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے ایک پروجیکٹ کی تجویز زیر غور ہے جونہی اسے منظوری مل جائے گی تب تک گاؤں میں واٹر ٹینکر بھیجنے پر غور کیا جائے گا۔سی این آئی
بڈرو پہلگام میں پینے کے پانی کی قلت
