اننت ناگ // اننت ناگ کے بڈورہ اچھہ بل علاقے میں پیر کوفورسز اور جنگجوؤں کے درمیان ہوئی تصادم آرائی کے مقام پر منگل کے روز ایک طالب علم کی لاش بر آمد کی گئی۔مہلوک کی شناخت 23 سالہ ناصر احمد میر ولد فیاض احمد میر ساکن چک اچھہ بل کے بطور ہوئی ہے جو اننت ناگ ڈگری کالج میں فسٹ ائر کا طالب علم تھا۔طالب علم کی لاش پر گولیوں کے نشان تھے۔جونہی لاش اچھہ بل لائی گئی تو علاقے میں غم وغصے کی لہر پھیل گئی اور لوگ بر سر احتجاج ہوگئے۔ علاقے میں کاروباری و تجارتی ادسارے بند ہوگے اور ٹریفک بھی معطل ہو کر رہ گیا۔یہاںپیر کے روز ہونے والے تصادم میں ایک جنگجو اور ایک فوجی افسر ہلاک جبکہ دو فوجی اہلکار زخمی ہوئے تھے۔لوگوں نے واقع کے خلاف احتجاج کیا اور الزام عائد کیا کہ نوجوان کو فورسز اہلکاروں نے جھڑپ ختم ہونے کے بعد ہلاک کیا ۔مہلوک کے والد نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ وہ لوگ سوموار کو کھیت میں کام کر رہے تھے اس دوران اُنہوں نے بیٹے کو چائے لانے کے لئے گھر روانہ کیا جس دوران وہ لاپتہ ہوگیا،جس کے بعد منگل کو اُن کی لاش معرکہ کے جگہ سے بر آمد کی گئی ۔اُنہوں نے کہا کہ اُن کا بیٹا بے قصور تھا اور اسے فوج نے مبینہ طور پر ہلاک کیا ، لہٰذا ریاستی گورنر معاملہ کی تحقیقات کریں ۔ضلع ترقیاتی کمشنر خالد جہانگیر نے کہا کہ اگر اس معاملہ میں تحقیقات کی ضرورت پڑ گئی تو اُس میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی۔