پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ میں بچے کی بطن مادر میں ہی موت پر لوگوں نے احتجاج کیا اور ڈاکٹروں پر لاپرواہی کا الزام عائد کیا ۔منگل وار کوپونچھ تحصیل سرنکوٹ کے گائوںسانگلہ کی ایک خاتون صغریٰ بیگم زوجہ امیر دین کو سب ضلع ہسپتال سرنکوٹ سے پونچھ منتقل کیاگیا جہاں اس کا آپریشن تو کیاگیالیکن اس نے مردہ بچے کو جنم دیا۔خاتون کے گھر والوںکے مطابق ڈاکٹروں نے چار روز اس کا آپریشن نہیں کیااور ٹال مٹول سے کام لیاگیا۔انہوںنے کہاکہ منگل کے روز خاتون کا آپریشن توکیا گیا لیکن تب تک اس کے بطن میں بچہ فوت ہوچکاتھا۔ لواحقین نے الزام لگایاکہ یہ سب کچھ آپریشن کرنے والے ڈاکٹر کی لاپرواہی کی وجہ سے ہوا۔خاتون کے ہاں مردے بچے کی پیدائش کی اطلاع ملنے پر لوگوں نے پینتھرز پارٹی کے ضلع صدر اشفاق رانا کی قیادت میںضلع ہسپتال کے باہر احتجاج کیا۔انہوںنے ہسپتال انتظامیہ پر الزام لگایا کہ لاپرواہی برتی جارہی ہے ۔انہوںنے کہاکہ یہاں تعینات ڈاکٹروں نے مریضوں کو لوٹنے کیلئے دوکانیں کھول رکھی ہیں ۔ہسپتال کے ایک افسر نے کہاکہ خاتون کے پیٹ میں ہی بچہ دم توڑ چکاتھا اسلئے ڈاکٹر کو بڑے محتاط طریقہ کار سے اس کا آپریشن کرنا پڑا۔انہوں نے کہا کہ ماں کے جسم میں خون کی بھی کمی ہے اورسب کچھ ڈاکٹر کو دیکھنا ہوتا ہے۔
بچے کی بطن مادر میں موت
