گلمرگ //سیاحتی مقام گلمرگ کی چلڈرن پارک میں قائم ریسٹورنٹ خستہ حالی سے بیکار پڑا ہے اور مصنوعی جھیل کی دو سال سے صفائی تک نہیں کی گی ہے جس کی وجہ سے پارک میں سیر تفریح کی غرض سے آنے والے سیلانیوں کو کھانے پینے کی کوئی چیز پارک کے اندر دستیاب نہ ہونے سے مشکلات پیش آتے ہیں ۔معلوم ہوا ہے کہ 5اگست 2019سے آج تک لاکھوں روپئے خرچ کرکے تعمیرکئے گئے ریسٹورنٹ کی دیکھ ریکھ نہ ہونے کی وجہ سے خستہ حالی کا شکارہے ۔یہاں تک کہ کھڑکیاں اور دروازے بھی تباہ ہوچکے ہیں۔اسی طرح پارک میں مصنوعی جھیل میں گھاس پھوس اگنے سے یہ جھیل بے رونق ہوگئی ہے۔اس پارک سے گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو سالانہ لاکھوں روپئے حاصل ہوتے تھے جبکہ اتھارٹی نے گزشتہ دو سال کے دران اس پارک کو مزیدجاذب نظر بنانے کے لیے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے یہ پارک آج ویرانی کا منظر پیش کررہی ہے۔ پارک میں اسڑیٹ لایٹس بھی خراب پڑی ہیں جس کی وجہ سے شام ہونے کے بعد کوئی بھی سیاح خوف کی وجہ سے پارک میں ٹھہرنے کو تیار نہیں ہوتا ہے۔ بیشتر سیاحوں نے شکایت کی ہے کہ پارک میں سرسبز گھاس کہیں نظر نہیں آتی ہے۔سیلانیوں نے چلڈرن پارک میں بیت الخلاء دستیاب نہ ہونے پر گلمرگ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی ناقص کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے ایل جی انتظامیہ سے پارک کو جاذب نظر بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔