راجوری//منگل کو محکمہ صحت نے 15 سے 18 سال کی عمر کے بچوں کو دوسری خوراک پلانے کیلئے کووڈ ویکسی نیشن مہم کا آغاز کیا جس میں 398 اہل بچوں کو کورونا وائرس کی دوسری خوراک دی گئی۔ڈپٹی چیف میڈیکل آفیسر راجوری ڈاکٹر انیس الطاف نبی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تمام اہل افراد کو ویکسین لگائی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس مہم کے دوران اٹھارہ برس سے زائد عمر کے بچوں کیساتھ ساتھ بزرگوں اور محکمہ صحت کے ملازمین و دیگر فرنٹ لائن ورکروں کو کووڈ بوسٹر بھی دیا جارہا ہے ۔ڈاکٹر انیس نے کہا کہ 92 فیصد اہل بچوں کو ویکسین کی پہلی خوراک دی گئی ہے اور باقی تمام بچوں کو ویکسین لگانے کی کوششیں جاری ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اب بچوں کو ویکسین کی دوسری خوراک دینے کی مہم شروع کر دی گئی ہے جس میں ان تمام بچوں کو جو کورونا وائرس کی پہلی خوراک لے چکے ہیں انہیں پہلی خوراک کے بعد مخصوص مدت پوری ہونے پر دوسری خوراک دی جائے گی۔ڈاکٹر انیس نے بتایا کہ ضلع بھر میں ویکسی نیشن کی خصوصی سائٹس قائم کی گئیں جن میں منگل کو 398بچوں کو ویکسین کی خوراک دی گئی۔
بچوں کیلئے کووڈ ویکسین کی دوسری خوراک کیلئے مہم شروع
