بچوں کوذمہ دارشہری،قوم کے معمار اور اخلاقیات کے علمبردار اور سفیربنایاجائے:بخاری

 جموں/ تعلیم ،خزانہ اورمحنت و روزگار کے وزیر سید محمد الطاف بخاری نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباء کو ذمہ دار  شہری بنانے میں اپنا اہم رول ادا کریں تاکہ وہ مستقبل میں قوم کے معمار بننے کے علاوہ اخلاقیات کے علمبردار اور سفیر ثابت ہوں۔ وزیر نے کہا کہ ہماری ریاست کو تعلیم کے شعبے میں معیار بلند کرنے کی بڑی ضرورت ہے تاکہ آنے والے نسلیں ہماری ریاست کے رہنما اور اعلیٰ درجے کے انسان بنائے جاسکیں۔انہوںنے کہا کہ اساتذہ کو صبر و تحمل کے ساتھ بچوں کی طرف خصوصی توجہ دے کر ان میں اچھے عادات اور اخلاقیات پیداکرنے ہوں گے۔وزیر موصوف اساتذہ کے ایک اجتماع سے خطاب کررہے تھے جس کا اہتمام پلس 2لیکچررس فور م نے لیکچروں کے دِن کو منانے کے سلسلے میں کیا تھا۔اس موقعہ پر وزیر مملکت برائے تعلیم پریا سیٹھی نے بھی خطاب کیا۔تقریب پر ماہرین تعلیم ، لیکچررار ،چیف ایجوکیشن افسران و سکولی تعلیم کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔دریں اثنا وزیر نے فورم کو یقین دلایا کہ ان کے تمام جائز مطالبات پر غور کیا جائے گا۔ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں راکیش سنگرال ،فورم کے صدور دیپک کمار ( جموں) ، ڈاکٹر منظور احمد (کشمیر) اور ملازمین کے لیڈر عبدالقیوم وانی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔بعد میں فورم نے وزراء کو مومنٹوز پیش کئے اور ماہرین تعلیم کی تعلیمی سیکٹر میں ان کی کوششوں کے لئے سراہنا کی۔