بٹہ گنڈ ترال اوربڈن سے لسر سڑکیں کھنڈرات میں تبدیل

 ترال+بارہمولہ//بٹہ گنڈ ترال میں رابطہ سڑک کھنڈارت میں تبدیل ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو عبور ومرور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ قصبہ ترال سے پانچ کلو میٹر دور بٹہ گنڈ علاقے میں کچھ ملہ سے بٹہ گنڈ تک ایک کلومیٹر سڑک کھنڈرات میں تبدیل ہوچکی ہے ۔ ادارہ اوقاف بٹہ گنڈ سے وابستہ افراد نے بتایاکہ سڑک خستہ ہونے کے بعد اب اس میں کھڈ بن چکے ہیں جن میں بارشوں کے دوران پانی جمع ہوتا ہے اور سڑک تالاب کی شکل اختیار کرلیتی ہے اور آبادی کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ تا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے کئی بار متعلقہ محکمہ کو آگاہ کیا گیالیکن کوئی سدباب نہیں کیا گیا۔انہوں نے محکمہ کے اعلیٰ حکام سے فوری مداخلت کی اپیل کی ہے۔ ضلع بارہمولہ کے بڈن رفیع آباد سے لسر تک کی رابطہ سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے مقامی لوگوںاور ٹرانسپورٹروں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے ۔مقامی لوگوں نے محکمہ آر اینڈ بی پرالزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ بڈن سے لسر تک کا سڑک رابطہ کافی خستہ حال ہو چکا ہے ۔مقامی لوگوں کے مطابق اس واحد سڑک کو سرکار نے گزشتہ کئی برسوں سے نظر انداز کیا ہے ۔ ایک مقامی شہری محمد اقبال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ اس سڑک کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے جبکہ سڑک پر جگہ جگہ گہرے کھڈبن چکے ہیں اور سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے منٹوں کا سفر گھنٹوں میں طے ہوتا ہے ۔ لوگوں کے مطابق انہوں نے اس سڑک کے بارے میں کئی بار انتظامیہ کو آگاہ کیا لیکن بار بار کی یقین دہانیوں کے باوجود بھی اس سڑک کی مرمت کے حوالے سے کوئی اقدام نہیں کیا گیا ۔لوگوں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس سڑک کی طرف دھیان دیاجائے تاکہ لوگوں کو مشکلات سے نجات مل جائے ۔