بٹہ کراٹے گرفتار،ہلال وار خانہ نظر بند

 سرینگر// انتخابات کے پیش نظرپولیس نے لبریشن فرنٹ (آر)چیئرمین فاروق احمد ڈار(بٹہ کراٹے ) جبکہ پیپلز پولٹیکل پارٹی چیئرمین ہلال احمد وار کو خانہ نظربند رکھا  ہے۔لبریشن فرنٹ ( آر ) ترجمان نے کہا کہ ریاستی پولیس نے پارٹی چیئرمین فاروق احمد ڈار ( بٹہ کراٹے ) کو گرفتار کرلیا ۔ترجمان نے پولیس کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی انتظامیہ پُر امن سیاسی سرگرمیوں پر قدغن عائد کرکے ریاست میں موجود تنائو کی صورتحال کو مزید ابتربنارہی ہے ۔ادھر تحریک حریت نے حاجی غلام حسن (ناگم) کے گھر پر پولیس چھاپوں کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ پولیس اُن کو اور ان کے اہل خانہ کو بلاوجہ تنگ کررہی ہے۔بیان کے مطابق ظلم کی حد یہ ہے کہ حاجی غلام حسن کے دو بیٹوں سجاد حسن اوربلال حسن کو روزانہ صبح سے شام تک ہمہامہ تھانے میں حاضر رہنے کا مکلف ٹھرایا گیا ہے۔ادھرمسلم لیگ کے ترجمان سجادایوبی نے تنظیم کے کارکنوں ظہور احمدکنہ، جاوید احمد نجار، سہیل احمد کول اور عمرجان کو انتخابات کے پیش نظر پولیس کی طرف سے گرفتار کر نے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتظامیہ اور پولیس کی کارروائیاں غیر جمہوری ہیں۔