بٹہ وینہ واکورہ میں مہنگائی عروج پر | گوشت 650روپئے فی کلو، حکام خاموش

ارشاد احمد
گاندربل//گاندربل کے بیشتر علاقوں میں موجود اشیائے خوردنوش فروخت کرنے والے تاجروں اور ہول سیل سمیت دیگر دوکاندار دو دو ہاتھوں عوام کو لوٹ رہے ہیں جبکہ ضلع انتظامیہ قیمتوں کو اعتدال پر رکھنے میں پوری طرح ناکام ہیں۔ تولہ مولہ، کنگن، لار اور واکورہ تحاصیل میں بھی اشیا ئے خوردنی فروخت کرنے والے تاجروں اور دوکاندار مہنگے داموں پر اشیائے خوردو نوش فروخت کررہے ہیں۔تحصیل واکورہ سے ملحقہ علاقہ بٹہ وینہ میں مقامی لوگوں نے بتایا کہ علاقے میں موجود قصاب، سبزی فروش، میوہ فروش اونچے داموں میں اشیائے خورد نوش فروخت کررہے ہیں۔بٹہ وینہ کے مقامی شہری شوکت احمد بٹ نے بتایا کہ بٹہ وینہ میں قصاب 650 روپئے فی کلو گوشت فروخت کررہے ہیں۔ رمضان المبارک کے متبرک ایام میں بھی ضلع انتظامیہ کی جانب سے کوئی مارکیٹ چیکنگ نہیں کی گئی۔اسی طرح میوہ فروش، سبزی فروش مہنگے داموں چیزیں فروخت کررہے ہیںجبکہ غریب آدمی کی دسترس سے اشیا خوردنی خریدنی ناممکن بن چکی ہیں۔